محکمہ صحت میں فوری تقررات کی ہدایت

حیدرآباد۔ 7 ستمبر (سیاست نیوز) وزیر صحت لکشما ریڈی نے محکمہ صحت میں مخلوعہ جائیدادوں پر فوری تقررات کیلئے اقدامات کی حکام کو ہدایت دی۔ لکشما ریڈی نے محکمہ کے اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ اجلاس طلب کرکے محکمہ میں مخلوعہ جائیدادوں کا جائزہ لیا۔ بعدازاں چیف منسٹر کے پرنسپل سیکریٹری نرسنگ راؤ سے ملاقات کرکے مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات کیلئے تبادلہ خیال کیا۔ وزیر صحت نے بتایا کہ محکمہ صحت میں کچھ عرصہ سے خالی ہونے والی جائیدادوں، حالیہ ترقیات کی وجہ سے مخلوعہ جائیدادوں میں ڈاکٹرس، فارماسسٹ، نرسنگ، پیرامیڈیکل کی جائیدادوں پر تقررات کے عمل کا آغاز ہوگیا ہے، تاہم چیف منسٹر نے ان جائیدادوں پر تلنگانہ پبلک سرویس کمیشن کے ذریعہ تقررات کرنے کی ہدایت دی ہے۔ تقررات میں تکنیکی مسائل کو دور کرنے محکمہ صحت کی جانب سے حکمت عملی تیار کی جارہی ہے۔ وزیر صحت نے چیف منسٹر کے پرنسپل سیکریٹری سے خواہش کی کہ وہ محکمہ صحت اور پبلک سرویس کمیشن کے درمیان تال میل سے مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات کی راہ ہموار کریں۔