۔18ممالک کے 33 رکنی گروپ کا سیول سپلائز بھون کا دورہ
حیدرآباد ۔ 20 ۔ مارچ : ( پریس نوٹ) : 18 ممالک کے 33 رکنی ڈیلیگٹس گروپ نے آج محکمہ سیول سپلائز کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے لیے سیول سپلائز بھون کا دورہ کیا ۔ انہوں نے غریبوں کو فوڈ سیکوریٹی کی فراہمی ، کسانوں کو اقل ترین امدادی قیمت کی ادائیگی کے لیے اس محکمہ کی پالیسیوں پر کامیابی کے ساتھ عمل درآمد کے بارے میں دریافت کیا ۔ وزارت خارجہ امور ، حکومت ہند نے ’ لیڈر شپ ڈیولپمنٹ فار انہیانس پبلک سرویسیس ڈیلیوری ‘ پروگرام کو اسپانسر کیا ہے ۔ اس پروگرام کے تحت لیبیا ، تاجکستان ، کینیا ، تنزانیا ، بھوٹان ، منگولیا ، افغانستان ، جنوبی سوڈان ، سری لنکا ، ایران ، کمبوڈیا ، نائجیریا ، فیجی ، مصر ، ارمینیا ، بوٹسوانا ، سینٹ لوسیا ممالک سے 33 ارکان نے چہارشنبہ کو یہاں سیول سپلائز بھون کا دورہ کیا اور کمشنر سیول سپلائز ڈپارٹمنٹ اکون سبھروال کے ساتھ اجلاس منعقد کیا ۔ بیرونی وفود نے کمانڈ کنٹرول سنٹر کا دورہ کیا اور گوداموں وغیرہ میں سی سی کیمروں کی کارکردگی کا جائزہ لیا ۔ انہوں نے پنجہ گٹہ میں ایک فیر پرائس شاپ کا بھی دورہ کیا ۔ انہوں نے نئی ٹکنالوجی کا استعمال کرنے پر محکمہ سیول سپلائز کی ستائش کی ۔ انہوں نے دھان کے حصول اور عوامی نظام تقسیم میں عوام کو بہتر سرویس فراہم کرنے کے لیے اس محکمہ کے اقدامات کی بھی ستائش کی ۔ کمشنر اکون سبھروال نے کہا کہ ریاست تلنگانہ میں ہر مستحق کو ایک روپیہ فی کلو گرام کی شرح سے 6 کلو گرام چاول دئیے جارہے ہیں ۔ اس کے جملہ 2.80 کروڑ استفادہ کنندگان ہیں اور ہر ماہ محکمہ سیول سپلائز کی جانب سے 1.50 لاکھ ٹن چاول تقسیم کیا جاتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ نے نئی ٹکنالوجی طریقوں جیسے epos ، آئی آر آئی ایس ، سی سی کیمرے ، یورٹیبلٹی ، جی پی ایس ، واٹس ایپ پر عمل درآمد کیا اور اس کے اچھے نتائج برآمد ہوئے ۔۔