حیدرآباد ۔ 27 فبروری (آئی این این) وزیر زراعت پوچارم سرینواس ریڈی نے آج کہا کہ حکومت تلنگانہ جلد ہی محکمہ زراعت میں 1000 جائیدادوں کو پُر کرے گی۔ نرمل، ضلع عادل آباد میں ایک تقریب میں خطاب کرتے ہوئے وزیرموصوف نے کہا کہ مالیاتی سال 2016-17ء کے دوران ایس سی اور ایس ٹی کمیونٹیز سے تعلق رکھنے والے کسانوں کو پالی ہاؤز پر 100% سبسیڈی دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت نے ڈریپ اریگیشن کیلئے 1000 کروڑ روپئے منظور کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ڈریپ اریگیشن کو بڑے پیمانے پر فروغ دے رہی ہے اور اسپر نکلس 90 فیصد سبسیڈی پر سربراہ کئے جارہے ہیں۔ یہ کہتے ہوئے کہ ریاستی حکومت نے کسانوں اور زرعی شعبہ کی ترقی کا تہیہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ زراعت میں جلد ہی 1000 جائیدادوں کو پُر کیا جائے گا۔