محکمہ ریونیو بھی رشوت سے متاثر ، ڈپٹی سی ایم ، اے پی

وجئے واڑہ ۔ 28 ۔ جولائی : ( پی ٹی آئی ) : ڈپٹی چیف منسٹر اے پی نے آج کہا کہ ریاست میں رشوت ستانی کی سطح میں کمی واقع ہوئی ہے ۔ تاہم ریاستی محکمہ ریونیو اس سے پوری طرح پاک نہیں ہوا ہے ۔ محکمہ ریونیو کا قلمدان رکھنے والے ڈپٹی چیف منسٹر کے ای کرشنا مورتی نے بتایا کہ چیف منسٹر اے پی نے جائزہ اجلاس کے دوران اس بات کا تذکرہ کیا تھا کہ محکمہ ریونیو ابھی 42 فیصد رشوت ستانی کی گرفت میں ہے ۔ یہاں ایک پریس کانفرنس میں ڈپٹی چیف منسٹر نے بتایا کہ سابقہ کانگریس دور اقتدار کے مقابل ریاست میں رشوت ستانی کی سطح کم ہوئی ہے ۔ ایک سوال کے جواب میں کرشنا مورتی نے بتایا کہ اس سے قبل ریاست میں رشوت ستانی کے متعلق کوئی سروے نہیں کیا گیا تھا ۔ اس طرح اس بات کا پتہ نہیں لگایا جاسکا کہ رشوت ستانی کس حد تک ہے تاہم کانگریس کے دور میں رشوت ستانی کی سطح زیادہ بھی تھی ۔ چندرا بابو نائیڈو حکومت کی جانب سے ریاست میں سروے کے انعقاد کے بعد 74 فیصد کا خیال ہے کہ ریاست میں رشوت ستانی نہیں ہے جب کہ 9 فیصد لوگوں کا کہنا ہے کہ رشوت ستانی میں اضافہ درج ہوا ہے ۔ ریاستی محکمہ پلاننگ کی جانب سے جاریہ سال ماہ مئی میں سروے کا انعقاد عمل میں آیا تھا ۔ اس موقع پر اسپیشل چیف سکریٹری جگدیش چندر شرما اور کمشنر آف سروے وانی موہن موجود تھے ۔۔