جائیدادوں کے رجسٹریشن کیلئے آسان و آزاد انہ طریقہ کار رائج کیا جائے گا
حیدرآباد۔ 6 اگست (سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت نے محکمہ رجسٹریشن اینڈ اسٹامپس میں آسان و آزادانہ اور شفاف طریقوں کو متعارف کرنے کے اقدامات کررہی ہے اور محکمہ رجسٹریشن اینڈ اسٹامپس میں آسان و آزادانہ اور شفاف طریقہ کار کے ذریعہ کاروبار انجام دینے میں نیا طریقہ کار معاون ثابت ہوگا۔ علاوہ ازیں اس نئے طریقہ کار کے ذریعہ درمیانی افراد کا انسداد بھی کیا جاسکے گا۔ آج یہاں سیکریٹریٹ میں ڈپٹی چیف منسٹر اُمور ریوینیو مسٹر محمد محمود علی نے نئے مرتب کردہ ’’ماڈیولس‘‘ کی اجرائی انجام دیتے ہوئے اخباری نمائندوں سے بات چیت کی اور مذکورہ اظہار خیال کیا اور بتایا کہ آئندہ سے دستاویزات سے متعلق جب کا تب ایس ایم ایس کے ذریعہ اطلاعات فراہم کی جائیں گی۔ انہوںنے کہا کہ محکمہ رجسٹریشن اینڈ اسٹامپس میں تیار کردہ ویب سائیٹ اب تک صرف انگریزی زبان میں دستیاب تھی لیکن اب اس ویب سائیٹ کو تلگو اور اُردو زبان میں بھی فراہم کئے جائیں گے اور تمام دستاویزات سے متعلق فارمس ویب سائیٹ پر رکھے جائیں گے۔ مسٹر محمد محمود علی نے کہا کہ اسٹامپ پیپرس کی مصنوعی قلت کا تدارک کرنے پوسٹ آفس میں اسٹامپس پیپرس کی فروخت عمل میں لانے کیلئے اقدامات کئے گئے ہیں۔ محکمہ کی کارکردگی کو مکمل طور پر شفاف بنانے کیلئے موجودہ ویب سائیٹ کو مزید عصری بنایا گیا ہے اور اب جائیداد مالکین (پارٹیاں) اپنی جائیدادوں کے دستاویزات ازخود فراہم کرنے کی سہولت اس نئے طریقہ کار کے ذریعہ متعارف کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس نئے طریقہ کار کے ذریعہ ویب سائیٹ پر اپنی تفصیلات ازخود پیش کرسکتے ہیں بلکہ اپنی جائیداد کے رجسٹریشن کرنے یا کروانے کیلئے قبل ازیں وقت حاصل کیا جاسکتا ہے۔ علاوہ ازیں انکمبرینس سرٹیفکیٹ میں زیرالتواء دستاویزات کی تفصیلات فراہم کرنے، سب رجسٹرار دفاتر میں شفٹ کا طریقہ کار کو روبہ عمل لایا جائے گا اور پوسٹ آفسوں میں اسٹامپس کی فروخت کیلئے خصوصی اقدامات کئے گئے ہیں۔ جناب محمود علی نے مزید بتایا کہ عوام محکمہ رجسٹریشن اینڈ اسٹامپس کی کارکردگی سے متعلق کوئی بھی مشورے یا شکایات ویب سائیٹ کے ذریعہ حکومت کو دے سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ رجسٹریشن اینڈ اسٹامپس عہدیداروں کے ای۔ میل، فون نمبر اور دفاتر کا پتہ وغیرہ بھی فراہم کیا جائے گا۔ ڈپٹی چیف منسٹر اُمور ریوینیو نے کہا کہ حیدرآباد جیسے شہر میں رجسٹریشن کی خدمات مسلسل اور مناسب و سہولت بخش اوقات میں فراہم کئے جائیں گے اور اس نئے طریقہ کار کو ابتدائی طور پر تجرباتی اساس پر صرف دو رجسٹریشن دفاتر میں فراہم کی جارہی ہیں۔ اور محکمہ رجسٹریشن میں شفٹ کا طریقہ کار ابتداء میں صرف بوئن پلی اور ماریڈپلی رجسٹریشن دفاتر میں فراہم کی جارہی ہیں اور پھر اس شفٹ سسٹم کو ریاست کے دیگر مقامات تک وسعت دینے کے اقدامات کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ رجسٹریشن آفس میں اپنے دستاویزات کی تفصیلات فراہم کرنے پر تفصیلات (معلومات) صحیح پیش کرنے میں مدد حاصل ہوسکے گی۔ اس کے علاوہ ایک ضلع میں کسی ایک آفس (رجسٹریشن اینڈ اسٹامپس) کے حدود میں پائی جانے والی اراضیات وغیرہ کے رجسٹریشن ضلع کے کسی مقام پر بھی اپنی شناخت کے ذریعہ کرواسکتے ہیں۔ اس موقع پر محکمہ رجسٹریشن اینڈ اسٹامپس کے اعلیٰ عہدیدار بھی شریک تھے۔