حیدرآباد 17 جولائی (سیاست نیوز) سر پر ہیلمٹ نہیں تو پٹرول نہیں! ڈائرکٹر جنرل محابس مسٹر وی کے سنگھ نے محکمہ جیل کے تحت چلائے جارہے 13 پٹرول پمپس کے ملازمین کو اِس سلسلہ میں ہدایات جاری کیں۔ محکمہ پریزنس کے سربراہ نے کہاکہ آئے دن اخبارات میں یہ خبریں عام طور پر دیکھی جارہی ہیں جس میں ہیلمٹ نہ پہننے کی وجہ سے موٹر سائیکل سوار حادثہ کا شکار ہورہے ہیں۔ اِس ضمن میں مسٹر وی کے سنگھ نے محکمہ جیل کے تمام پٹرول پمپس کے ملازمین کو واضح ہدایات دیں کہ کوئی بھی گاہک اگر ہیلمٹ نہ پہنے ہوئے ہے تو اُسے پٹرول نہ دیا جائے۔ ڈائرکٹر جنرل محابس کے دفتر سے جاری احکامات میں بتایا گیا کہ محکمہ جیل کے تحت پٹرول پمپس پر معیاری پٹرول فروخت کیا جاتا ہے اور عوام اِن پمپس پر بھروسہ سے پٹرول ڈلواتے ہیں۔ اس سلسلہ میں محکمہ جیل نے یہ فیصلہ کیا ہے کہ کوئی بھی گاہک بغیر ہیلمٹ کے پٹرول پمپ پہونچنے پر اُنھیں پٹرول نہ دیا جائے۔