اندرون ایک ہفتہ کارروائی شروع کرنے عہدیداروں کو چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ کی ہدایت
حیدرآباد ۔ 30 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : چیف منسٹر تلنگانہ کے سی آر نے تعلیم کے مختلف شعبوں میں 20 ہزار سے زائد جائیدادوں پر تقررات کے لیے اندرون ایک ہفتہ کارروائی شروع کرنے کی عہدیداروں کو ہدایت دی ہے ۔ چیف منسٹر نے آج پرگتی بھون میں اعلیٰ سطحی اجلاس طلب کیا جس میں صدر نشین تلنگانہ اسٹیٹ پبلک سرویس کمیشن پروفیسر جی چکراپانی ڈپٹی چیف منسٹر کڈیم سری ہری کے علاوہ وزراء میں ٹی ناگیشور راؤ ، جگدیش ریڈی ، کے ساتھ حکومت کے مشیر اعلیٰ راجیو شرما ، چیف سکریٹری ایس پی سنگھ و دوسرے عہدیدار موجود تھے ۔ چیف منسٹر نے تعلیم کے مختلف شعبوں میں 20 ہزار سے زائد جائیدادوں پر تقررات کی منظوری کے بعد اس پر عمل آوری کا جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ ان میں چند جائیدادوں کیلئے اعلامیہ جاری کیا جاچکا ہے ۔ مزید چند جائیدادوں کیلئے اعلامیہ جاری کیا جارہا ہے ۔ صدر نشین پبلک سرویس کمیشن جی چکرا پانی نے چیف منسٹر کو بتایا کہ ایک ہفتہ میں مزید تقررات کیے جائیں گے ۔ چیف منسٹر کے سی آر نے کہا کہ ریاست میں 84 نئے کستور با گاندھی لڑکیوں کے لیے اسکولس قائم کئے جارہے ہیں ۔ ان کے لیے 1428 ملازمین کی ضرورت ہے ۔ 840 تدریسی اور 588 غیر تدریسی جائیدادوں پر تقررات کے لیے حکومت نے منظوری دے دی ہے ۔ لہذا تقررات کے عمل کو فوری شروع کرنے کی ہدایت دی ۔ اربن ریزیڈنشیل میں 377 جائیدادوں پر تقررات کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ اضلاع کی تنظیم جدید کے بعد جملہ 29 اضلاع ہیڈ کوارٹرس پر قائم کیے جانے والے اربن ریزیڈنشیل اسکولس کے لیے حکومت نے 377 جائیدادوں پر تقررات کے لیے منظوری دے دی ہے ۔ جن میں 174 تدریسی اور 203 غیر تدریسی جائیدادیں شامل ہیں ۔ ان جائیدادوں پر فوری تقررات کرنے کی متعلقہ اضلاع کلکٹرس کو ہدایت دی گئی ہے ۔ حکومت کی جانب سے جاریہ سال شروع کیے جانے والے نئے ریزیڈنشیل اسکولس میں 7,300 ٹیچرس کے تقررات کے لیے اعلامیہ جاری کیا گیا ہے ۔ 31 مئی کو ٹسٹ کا انعقاد کرنے کے تعلق سے چکرا پانی نے چیف منسٹر کو تفصیلات پیش کی ۔ چیف منسٹر کے سی آر نے ٹسٹ کے انعقاد کے بعد بغیر کسی تاخیر کے فوری تقررات کا عمل شروع کرنے کی ہدایت دی ۔ چیف منسٹر نے بتایا کہ ریاست کے مختلف اسکولس میں 8792 اساتذہ کے جائیدادوں پر تقررات کیلئے حکومت نے منظوری دی ہے ۔ ان جائیدادوں پر تقررات کیلئے اعلامیہ جاری کرنے کی تلنگانہ پبلک سرویس کمیشن کو ہدایت دی ۔ کالجس کے علاوہ حکومت کے مختلف محکمہ جات میں 2437 جائیدادوں پر تقررات کے لیے تلنگانہ کے یوم تاسیس کے موقع پر 2 جون کو اعلامیہ جاری کیا جائے گا ۔ سوشیل ویلفیر ریزیڈنشیل جونیر اور ڈگری کالجس میں لکچررس ، پرنسپلس ، سیول انجینئرس ، وٹرنری اسسٹنٹس کے جائیدادوں پر تقررات کے لیے 2 جون کو اعلامیہ جاری کیا جائے گا ۔ چیف منسٹر کے سی آر نے تقررات کے عمل کو سال بھر جاری رکھنے محتلف محکمہ جات میں مخلوعہ ہونے والی جائیدادوں کی نشاندہی کرتے ہوئے ان پر تقررات کرنے کی تلنگانہ پبلک سرویس کمیشن کے صدر نشین کو ہدایت دی اور انہیں چیف سکریٹری سے رابطہ بنائے رکھنے پر زور دیا ہے ۔