محکمہ تعلیمات کو سیاسی مداخلت سے پاک بنانے کا عزم : چندرا بابو

اساتذہ کی خدمات کو خراج تحسین ، یوم اساتدہ تقریب سے چیف منسٹر اے پی کا خطاب
حیدرآباد /5 ستمبر ( سیاست نیوز ) چیف منسٹر آندھراپردیش مسٹر این چندرا بابو نائیڈو نے اساتذہ کی خدمات کو بھرپور خراج تحسین پیش کرتے ہوئے پرزور الفاظ میں کہا کہ محض اساتذہ کی بدولت ہی آج انہیں یہ مقام حاصل ہوسکا ۔ آج یوم اساٰہ کے سلسلہ میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مسٹر این چندرا بابو نائیڈو نے ریاست میں تعلیمی شعبہ کو کسی سفارشات یا کسی سیاسی مداخلت سے پاک بنانے کیلئے ریاستی محکمہ تعلیم کے اقدامات کی زبردست ستائش کی اور کہا کہ ریاست آندھراپردیش میں گذشتہ عرصہ کے دوران تلگودیشم حکومت نے 8 ہزار ریگولر ٹیچرس اور 10 ہزار کنٹراکٹ کی اساس پر ٹیچرس کے تقررات کئے ۔ اس موقع پر چیف منسٹر چندرا بابو نائیڈو نے تعلیمی شعبہ میں گراقندر خدمات انجام دینے والے اساتذہ کو بیسٹ ٹیچر ایوارڈ‘‘ عطا کئے ۔ انہوں نے اپنی تقریر کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے بتایا کہ ریاست میں تمام سرکاری مدارس کیلئے ’’ نریگا فنڈ ‘‘ کے ذریعہ باؤنڈری والس کی تعمیر کروائی گئی اور تمام سرکاری اسکولس کیلئے ذاتی و مستقل عمارتوں کیلئے منصوبہ جات مرتب کئے گئے اور ان منصوبہ جات پر عمل آوری کے ذریعہ تقریباً تمام تر سرکاری اسکولس کیلئے مستقل عمارتوں کی فراہمی کو یقینی بنایا جاسکا ۔ ریاست میں کالجوں کا چیف منسٹر نے کہا کہ تلگودیشم حکومت نے ریاست بھر میں نئے کالجس قائم کرنے کے اقدامات کر رہی ہے اور تعلیمی شعبہ میں کوئی عدم مساوات کا موقع فراہم نہ کرتے ہوئے ریاست کے تمام علاقوں کو اہمیت دی جارہی ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ امریکہ میں ’’ سلیکان ویالی پائی جانے پر ریاست آندھراپردیش میں ‘‘ انوویشن ویالی کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ انہوں نے اس بات کی خواہش ظاہر کی کہ آندھراپردیش نالج ہب ‘‘ میں تبدیل ہونا چاہئے ۔ ٹکنالوجی کے استعمال کا تذکرہ کرتے ہوئے مسٹر این چندرا بابو نائیڈو نے کہا کہ دنیا بھر میں استفادہ کی جانے والی ٹیکنالوجی کے مقابلہ میں ریاست آندھراپردیش میں سب سے زیادہ ٹیکنالوجی استعمال کی جارہی ہے ۔ مرکزی حکومت کے ریاست کے ساتھ عدم تعاون کا تذکرہ کرتے ہوئے چیف منسٹر نے مرکزی بی جے پی حکومت کو ہدف ملامت بنایا اور کہا کہ مرکزی حکومت کسی بھی معاملہ میں آندھراپردیش کے ساتھ تعاون نہیں کر رہی ہے ۔ مرکزی حکومت کے طرز عمل پر اپنی سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے چندرا بابو نائیڈو نے کہا کہ فنڈز نہ دینے کا اظہار کرکے ہاتھ پر ہاتھ دھرے بیٹھے رہنے سے ریاست کی ترقی ہرگز ممکن نہیں ہوسکے گی ۔ لیکن ریاست کی ترقی کیلئے قرض حاصل کرنے پر بعض قائدین کی جانب سے حکومت پر کی جانے والی تنقیدوں پر مسٹر چندرا بابو نائیڈو نے اپنی سخت برہمی کا اظہار کیا ۔