دسہرہ کے موقع پر اعلامیہ کی اجرائی متوقع، چیف منسٹر کا مثبت ردعمل
حیدرآباد۔/3ستمبر ، ( سیاست نیوز) ریاستی حکومت نے دیگر محکمہ جات میں تقررات کی طرح محکمہ تعلیم میں اساتذہ کے 10,000 تقررات کی تیاری کرلی ہے اور توقع ہے کہ دسہرہ کے موقع پر اس سلسلہ میں اعلامیہ جاری کیا جائے گا۔ حکومت نے مختلف محکمہ جات میں مخلوعہ ایک لاکھ جائیدادوں پر تقررات کا اعلان کیا تھا اور پہلے مرحلہ میں آبپاشی اور دیگر ٹیکنیکل زمرہ جات کے علاوہ پولیس میں تقررات کا عمل شروع کیا گیا۔ حال ہی میں گروپ II زمرہ کی جائیدادوں کا اعلامیہ جاری ہوا ہے۔ باوثوق ذرائع نے بتایا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ محکمہ تعلیم کی مخلوعہ جائیدادوں پر عاجلانہ تقررات کے حق میں ہیں تاکہ ریاست میں تعلیمی شعبہ کو بہتر بنایا جاسکے۔ عام طور پر یہ شکایات ملی ہیں کہ سرکاری اسکولوں میں اساتذہ کی کمی کے سبب سرپرست بچوں کو شریک کرنے سے گریز کررہے ہیں۔ اساتذہ کی کمی نے سرکاری اسکولوں کے معیار کو بھی متاثر کیا ہے۔ ڈپٹی چیف منسٹر و وزیر تعلیم کڈیم سری ہری نے سرکاری اسکولوں کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد چیف منسٹر کو رپورٹ پیش کی تھی اور پہلے مرحلہ میں 10 ہزار اساتذہ کے تقررات کا منصوبہ تیار کیا گیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق یہ تقررات تلنگانہ پبلک سرویس کمیشن کے ذریعہ انجام دیئے جائیں گے۔ حکومت نے کے جی تا پی جی مفت تعلیم کی فراہمی کا اعلان کیا ہے جس پر عمل آوری کیلئے اساتذہ کی قلت کو دور کرنا ضروری ہے۔ تعلیمی نظام کو بہتر بنانے کیلئے حکومت کی جانب سے اساتذہ کی مختلف تنظیموں سے بارہا مشاورت کی جاچکی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ چیف سکریٹری ڈاکٹر راجیو شرما کو ہدایت دی گئی ہے کہ اساتذہ کے تقررات کے سلسلہ میں لائحہ عمل کو قطعیت دیں۔ چیف سکریٹری نے پبلک سرویس کمیشن کے صدرنشین جی چکراپانی اور محکمہ تعلیم کے پرنسپال سکریٹری راجیو رنجن آچاریہ سے اس مسئلہ پر تبادلہ خیال کیا۔ اطلاعات کے مطابق نئے اضلاع کی تشکیل کا عمل مکمل ہونے تک اساتذہ کے تقررات کا اعلامیہ جاری کردیا جائے گا۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ چیف منسٹر نے اقامتی اسکولس کی طرح دیگر سرکاری اسکولوں میں بھی معیار بہتر بنانے کی عہدیداروں کو ہدایت دی ہے۔