حیدرآباد 30 مئی (سیاست ڈاٹ کام) ریاستی محکمہ تعلیمات میں بڑے پیمانے پر ردوبدل اور طویل عرصہ سے اعلیٰ عہدوں پر فائز رہنے والے عہدیداران تعلیمات کو تبدیل کرنے کا حکومت نے فیصلہ کیا ہے۔ اِس کے علاوہ جوائنٹ ڈائرکٹرس محکمہ تعلیمات کی طویل عرصہ سے زیرالتواء ترقی کے مسئلہ کی بھی یکسوئی کردی جائے گی اور موجودہ جوائنٹ ڈائرکٹرس کو ایڈیشنل ڈائرکٹر کے عہدہ پر ترقی دے کر مختلف جائیدادوں پر تعینات کرنے کا حکومت سنجیدگی سے جائزہ لے رہی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ اسپیشل چیف سکریٹری محکمہ تعلیمات شریمتی رنجیو آر آچاریہ نے متعلقہ فائیل منظوری کے لئے چیف منسٹر مسٹر کے چندرشیکھر راؤ کے پاس روانہ کردی ہے۔ ذرائع کے مطابق تلنگانہ ریزیڈنشیل اسکولس سوسائٹی سکریٹری کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہی ایڈیشنل ڈائرکٹر شیشو کماری کو ایڈیشنل ڈائرکٹر ایس سی ای آر ٹی کے عہدے پر تعینات کیا جائے گا۔ محکمہ تعلیمات کے ماڈل اسکولس سوسائٹی و تلنگانہ ریزیڈنشیل اسکولس سوسائٹی دونوں کے لئے ایک ہی ایڈیشنل ڈائرکٹر تعینات کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ڈائرکٹر اڈلٹ ایجوکیشن ستیہ نارائن ریڈی کو اِس عہدہ پر تعینات کئے جانے کا امکان ہے۔