چیف منسٹر تلنگانہ کے سی آر کا فیصلہ ، 24 گھنٹے برقی سربراہی پر اظہار اطمینان
حیدرآباد ۔ یکم ۔ جنوری : ( سیاست نیوز ) : چیف منسٹر کے سی آر نے برقی شعبہ کے ایمپلائز کو نئے سال کے تحفہ کے طور پر انکریمنٹ دینے کا اعلان کرتے ہوئے تلنگانہ کو برقی بحران سے باہر نکالنے اور زرعی شعبہ کو 24 گھنٹے مفت و معیاری برقی سربراہ کرنے کے قابل بنانے پر برقی کے ملازمین سے اظہار تشکر کیا ۔ جینکو اور ٹرانسکو کے سی ایم ڈی پربھاکر راؤ کے علاوہ محکمہ برقی کے عہدیداروں نے پرگی بھون میں آج چیف منسٹر کے سی آر سے ملاقات کی ۔ زرعی شعبہ کے لیے 24 گھنٹے مفت برقی کی سربراہی کو یقینی بنانے پر چیف منسٹر نے برقی شعبہ کے ملازمین سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ کسانوں کو نئے سال کا تحفہ فراہم کرنے میں اہم رول ادا کرنے والے برقی ملازمین کو بھی وہ جنوری سے انکریمنٹ پر عمل کا تحفہ فراہم کرتے ہوئے خوشی محسوس کررہے ہیں کیوں کہ ساڑھے تین سال قبل تک تلنگانہ میں برقی بحران پایا جاتاتھا محکمہ برقی کے ملازمین نے دن رات محنت کرتے ہوئے برقی شعبہ میں انقلابی ترقی لائی ہے ۔ جس کی بدولت حکومت زرعی شعبہ کو 24 گھنٹے مفت و معیاری برقی سربراہ کرنے میں کامیاب ہوئی ہے ۔ تلنگانہ نے مختصر عرصے میں برقی شعبہ میں جو کامیابی حاصل کی ہے وہ ناقابل فراموش ہے ۔ ملک کی تمام ریاستیں تلنگانہ سے بے حد متاثر ہیں ۔ 24 گھنٹے زرعی شعبہ کو مفت و معیاری برقی سربراہ کرنے کے معاملے میں بھی سارے ملک میں تلنگانہ کو سرفہرست مقام حاصل ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی چند ریاستوں میں زرعی شعبہ کو مفت برقی سربراہ کی جارہی ہے مگر وہ محدود ہے اور ساتھ ہی مشروط بھی ہے لیکن ریاست تلنگانہ میں زرعی شعبہ کو 24 گھنٹے مفت و معیاری برقی سربراہی کی جارہی ہے ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ تلنگانہ میں اب ترقی کے کوئی مسائل نہیں ہوں گے ۔ ٹی آر ایس حکومت نے تلنگانہ کو تاریکی سے نکال کر روشنیوں میں پہونچا دیا ہے ۔ حکومت کے دوسرے کارناموں میں یہ بہت بڑا کارنامہ ہے ۔ کے سی آر نے کہا کہ ٹی آر ایس نے اپنے 2014 کے انتخابی منشور میں زرعی شعبہ کو 24 گھنٹے مفت برقی سربراہ کرنے کا کوئی وعدہ نہیں کیا ۔ صرف ریاست میں سبز انقلاب لانے کے لیے اس کو یقینی بنایا گیا ہے ۔ پہلے فروری ، مارچ 2018 سے زرعی شعبہ کو 24 گھنٹے برقی سربراہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا ۔ مگر اب یہ سہولت ربیع سیزن سے کسانوں کو فراہم کی جارہی ہے ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ انہیں آج صبح سے ملک کی کئی ریاستوں سے مبارکبادی کے پیغامات وصول ہورہے ہیں ۔ کسانوں کے مفادات کا تحفظ کرنے کے لیے تلنگانہ حکومت کوئی بھی سمجھوتہ نہیں کرے گی ۔ حکومت کے اس فیصلے سے کسانوں کے چہروں پر خوشی دیکھی جارہی ہے ۔ خصوصی منصوبہ بندی کے ذریعہ 24 گھنٹے مفت برقی کی سربراہی کو یقینی بنایا گیا ہے ۔ ٹرانسکو ، جینکو کے سی ایم ڈی پربھاکر راؤ نے محکمہ برقی کے ایمپلائز کو انکریمنٹ فراہم کرنے پر چیف منسٹر کے سی آر سے اظہار تشکر کیا اور کہا کہ چیف منسٹر کے اس فیصلے سے ایمپلائز کی حوصلہ افزائی ہوگی اور ایمپلائز مزید دل لگا کر کام کریں گے ۔۔