ٹرانسفارمرس کی درستگی اور سربراہی برقی میں باقاعدگی، صورتحال کو تبدیل کرنے کی کوششیں
حیدرآباد ۔ یکم مئی (سیاست نیوز) تلنگانہ اسٹیٹ سدرن پاور ڈسٹری بیوشن کمپنی لمیٹیڈ کی جانب سے یکم تا 7 مئی محفوظ برقی سربراہی کا ہفتہ منایا جائے گا۔ اِس ایک ہفتہ کے دوران شہر کے علاوہ ٹی ایس ایس پی ڈی سی ایل کے تحت موجود اضلاع و مواضعات میں بھی برقی ٹرانسفارمرس کو محفوظ بنانے کے علاوہ برقی سربراہی نظام کو درست کرنے کے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ صدرنشین ٹی ایس ایس پی ڈی سی ایل مسٹر رگھوما ریڈی نے یہ بات بتائی۔ اُنھوں نے بتایا کہ تمام سپرنٹنڈنگ انجینئرس کو اس بات کی ہدایت جاری کی گئی ہے کہ یکم تا 7 مئی سمینارس، ورکشاپس اور شعور بیداری پروگرامس کا انعقاد کرتے ہوئے محفوظ برقی سربراہی کو یقینی بنائیں۔ شہری علاقوں میں موجود برقی ٹرانسفارمرس کے اطراف فینسنگ کے ساتھ ساتھ برقی لائنس کو بہتر بنانے کے اقدامات کئے جائیں۔ علاوہ ازیں جن علاقوں میں برقی شاک کے زیادہ خدشات پائے جاتے ہیں وہاں بہتر مینجمنٹ کے لئے نشاندہی کرتے ہوئے صورتحال کو تبدیل کرنے کی کارروائی کی جائے۔ مسٹر جی رگھوما ریڈی نے الیکٹرسٹی سیفٹی ویک کے دوران بلاوقفہ برقی سربراہی کو یقینی بنانے کے عہد کا اعادہ کرتے ہوئے کہاکہ اِس ایک ہفتہ میں تمام شہری علاقوں کو بلاوقفہ برقی سربراہی یقینی بنانے کے ضروری اقدامات مکمل کرلئے جائیں گے۔ ساتھ ہی عوام اور صارفین کو ماحولیات کو بہتر بنانے میں برقی کے استعمال کی اہمیت سے واقف کروانے کی کوشش کی جائے گی۔ شعور بیداری مہم کے ذریعہ عوام میں الیکٹرانک اشیاء کے بہتر استعمال کے متعلق سمینارس کا انعقاد عمل میں لایا جائے گا۔ علاوہ ازیں حادثات کی صورت میں اِس طرح کی احتیاطی تدابیر اختیار کی جائے، اِس سے واقف کروایا جائے گا۔ صدرنشین ٹی ایس ایس پی ڈی سی ایل نے بتایا کہ اِس ایک ہفتہ کے دوران سابق میں ہوئے حادثات کے ایکس گریشیاء و معاوضوں کی ادائیگی کی عاجلانہ یکسوئی کا بھی جائزہ لیا جائے گا اور آئندہ برقی سے ہونے والے حادثات پر کنٹرول کے متعلق رضاکارانہ تنظیموں و غیر سرکاری تنظیموں سے تجاویز حاصل کرتے ہوئے اقدامات کئے جائیں گے۔ اُنھوں نے صارفین، رضاکارانہ تنظیموں کے ذمہ داروں سے اپیل کی کہ وہ شعور بیداری کے پروگراموں میں شرکت کرتے ہوئے حادثات سے پاک ماحول فراہم کرنے میں محکمہ برقی کی جانب سے کی جانے والی کوششوں میں تعاون کریں۔