امتحانات کے اعلامیہ کی عنقریب اجرائی ‘ وزیر توانائی کا بیان
حیدرآباد ۔21ستمبر ( این ایس ایس ) تلنگانہ کے وزیر توانائی جگدیش ریڈی نے اعلان کیا ہے کہ محکمہ توانائی میں اسسٹنٹ انجنیئرس کی 1422 جائیدادوں پر بھرتیوں کے لئے بہت جلد اعلامیہ جاری کیا جائے گا ۔ وزیر توانائی نے آج یہاں اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ تاسیس تلنگانہ کے بعد سے محکمہ توانائی میں اسٹاف کی کمی محسوس کی جارہی ہے جس کے پیش نظر مخلوعہ جائیدادوں پر بھرتیوں کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ ٹی ایس سی پی ڈی سی ایل ‘ ٹی ایس این پی ڈی سی ایل ٹرانسکو اور جنکو میں سیول ‘ الکٹریکل اور میکانیکل انجنیئرس کی بھرتیاں کی جائیں گی ۔ جنکو میں 419 الکٹریکل ‘ 172 سیول اور 70 الکٹرانکس انجنیئرس ‘ ٹرانسکو میں 184 الکٹریکل اور 22 سیول انجنیئرس بھرتی کئے جائیں گے ۔ علاوہ ازیں ٹی ایس این پی ڈی سی ایل میں 159 اور ٹی ایس ایس پی ڈی سی ایل میں 201 الکٹریکل انجنیئرس بھرتی کئے جائیں گے ۔ جگدیش ریڈی نے کہا کہ ٹی ایس این پی ڈی سی ایل میں بھرتیوں کیلئے 8نومبر کو تحریری امتحانات ہوں گے ۔ اس طرح جنکو میں 14 نومبر کو ٹی ایس ایس پی ڈی سی ایل میں 22نومبر کو اور ٹرانسکو میں 29 نومبر کو تحریری امتحانات منعقد ہوں گے ۔ امیدواروں کو تمام چار اداروں کے امتحانات میں شرکت کا موقع فراہم کرنے کیلئے مختلف تواریخ میں یہ تحریری امتحانات منعقد کئے جارہے ہیں ۔ وزیر توانائی نے امیدواروں کو مشورہ دیا کہ وہ دھوکہ بازوں کے جھانسہ میں نہ آئیں ۔ یہ امتحانات مکمل شفافیت کے ساتھ منعقد ہوں گے اور کسی مسئلہ کی صورت میں 9332983914 پر شکایت درج کروائی جاسکتی ہے ۔ توقع ہے کہ ڈسمبر تک بھرتیوں کا عمل مکمل ہوجائے گا اورنیا اسٹاف یکم جنوری 2016ء سے کام پر رجوع ہوجائے گا ۔ کسانوں کی خودکشیوں کا تذکرہ کرتے ہوئے جگدیش ریڈی نے کہا کہ یہ ماضی کی حکومتوں کی ناکامی کا نتیجہ ہے کیونکہ سابق حکومتیں کسانوں کے مسائل کی یکسوئی میں غفلت کی تھی ۔ انہوں نے کسانوں پر زور دیا کہ وہ خودکشی نہ کریں ان کیلئے اچھے دن آنے والے ہیں ۔ ٹی آر ایس حکومت تلنگانہ کسانوں کو یومیہ 9گھنٹے مفت برقی سربراہی کے وعدہ کی پابند ہے ۔