محکمہ برقی میں ملازمتیں ، نوجوان تیار رہیں

عنقریب اعلامیہ کی اجرائی ، جناب کمال الدین علی خاں کا بیان
حیدرآباد۔28اپریل (سیاست نیوز) نوجوان محکمہ برقی میں ملازمت کے حصول کیلئے خود کو تیار رکھیں۔ حکومت تلنگانہ مخلوعہ جائیدادوںپر تقررات اور عرصہ دراز سے تعطل کا شکار ملازمین و عہدیداروں کی ترقی کے معاملہ میں سنجیدہ ہے۔ جناب میر کمال الدین علیخان ڈائریکٹر تلنگانہ اسٹیٹ سدرن پاؤر ڈسٹری بیوشن کمپنی لمیٹڈ نے یہ بات بتائی ۔ انہوں نے بتایا کہ ریاست تلنگانہ کی تشکیل کے بعد حکومت کی منظوری کے بعد کارپوریشن کی جانب سے 201اسسٹنٹ انجنیئر کے عہدوں پر امتحانات کے انعقاد کے ذریعہ تقررات عمل میں لائے گئے۔ جناب کمال الدین علی خان نے بتایا کہ ریاست تلنگانہ کے محکمہ برقی میں مزید مخلوعہ عہدوں پر تقررات کے لئے بہت جلد اعلامیہ کی اجرائی کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔ انہوں نے نوجوانوںکو امتحانات تحریر کرنے کے لئے تیار رہنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ ٹی ایس ایس پی ڈی سی ایل کے مختلف شعبہ جات میں مخلوعہ عہدوں پر تقررات کے سلسلہ میں رپورٹ تیار کرتے ہوئے حکومت کو روانہ کی جا رہی ہے تاکہ خدمات میں بہتری لانے کیلئے درکار ضروریات کو پورا کیا جاسکے۔  ٹی ایس ایس پی ڈی سی ایل کے مختلف شعبہ جات میں خدمات انجام دے رہے کنٹراکٹ ملازمین کی خدمات کو با قاعدہ بنانے کے متعلق انہوں نے بتایا کہ حکومت کی جانب سے اعلان کے بعد سے ہی رہنمایانہ خطوط کا انتظار کیا جا رہا ہے۔ جناب میر کمال الدین علی خان نے بتایا کہ چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے ۔ چندرشیکھر راؤ  اور صدرنشین  ٹی ایس ایس پی ڈی سی ایل مسٹر رگھوما ریڈی کارپوریشن کی کارکردگی میں بہتری لانے کیلئے سنجیدہ اقدامات پر توجہ مرکوز کیئے ہوئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ چیف منسٹر و صدرنشین کی دلچسپی کے باعث گزشتہ 10برس سے ٹال مٹول کا شکار بننے والے عہدیداروں کی ترقی کے معاملہ کی یکسوئی ہو پائی ہے۔ مسٹر کمال الدین علی خان نے بتایا کہ 4 ماہ کے دوران انہوں نے 353 عہدیداروں کو ترقی دینے کے احکامات جاری کیئے ہیں جن میں 165انچارج اسسٹنٹ انجنیئرس کو اے ۔ای کے عہدے پر ترقی دینے کے علاوہ 126اے ۔ایز کے تقررات شامل ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ تکنیکی عملہ کے علاوہ دفتری امور کی انجام دہی کے عہدیداروں و ملازمین کے تقرر کے سلسلہ میں آئندہ دو ماہ کے دوران اعلامیہ کی اجرائی متوقع ہے۔ اس اعلامیہ کی اجرائی کے ذریعہ بھی سینکڑوں نوجوانوں کو شعبہ برقی میں خدمات کی انجام دہی کا موقع میسر آئے گا۔