محکمہ برقی میں تقرر کیلئے امتحان کا انعقاد

اندرون دس یوم نتائج، عہدیداروں کا دورہ مراکز
حیدرآباد 22 نومبر (سیاست نیوز) شہر حیدرآباد میں آج تلنگانہ اسٹیٹ سدرن پاور ڈسٹری بیوشن لمیٹیڈ میں 201 جائیدادوں پر تقررات کے لئے امتحانات منعقد ہوئے۔ ان امتحانات میں 29 ہزار 943 امیدواروں نے آج شہر کے مختلف مقامات پر بنائے گئے امتحانی مراکز پر امتحان تحریر کیا۔ صدرنشین ٹی ایس ایس پی ڈی سی ایل مسٹر بی رگھوما ریڈی، جناب میر کمال الدین علی خاں، مسٹر سرینواس، مسٹر کے سرینواس ریڈی ڈائرکٹرس ٹی ایس ایس پی ڈی سی ایل نے مختلف امتحانی مراکز کا معائنہ کیا۔ جامعہ عثمانیہ کے عملہ کی اعانت سے منعقدہ ان امتحانات میں حاضری کا فیصد 84.48 رہا۔ باوثوق ذرائع سے موصولہ اطلاعات کے بموجب ان امتحانات کے نتائج اندرون10  یوم جاری کرنے کے انتظامات کئے گئے ہیں لیکن توقع ہے کہ جاریہ ہفتہ جوابات کے متعلق Key جاری کردی جائے گی جس سے امیدوار اپنے نتائج کا جائزہ لے سکیں گے۔ امتحانات کے دوران کئی مراکز پر امیدواروں کو سہولتوں کی فراہمی کے لئے متعدد اقدامات کئے گئے تھے۔