اگریکلچرل پالی ٹیکنیک کالجس کا قیام ، وزیر زراعت پی سرینواس ریڈی
حیدرآباد ۔ /30 ڈسمبر (سیاست نیوز) حکومت نے کہا کہ ریاست تلنگانہ میں فی الوقت جملہ (13) گورنمنٹ اگریکلچرل پالی ٹیکنکس پائے جاتے ہیں ۔ علاوہ ازیں 11 پرائیویٹ اگریکلچرل پالی ٹیکنکس چلائے جارہے ہیں ۔ جبکہ متحدہ ریاست آندھراپردیش کی تقسیم کے بعد نئی ریاست تلنگانہ کی تشکیل کے بعد حکومت تلنگانہ نے مزید چار نئے گورنمنٹ اگریکلچرل پالی ٹیکنکس قائم کئے گئے جن میں جمی کنٹہ (ضلع کریم نگر) کور نالا (ضلع سدی پیٹ) سرداپور (ضلع سرسلہ) اور ملتومیڈا (ضلع کاماریڈی) شامل ہیں ۔ آج یہاں تلنگانہ قانون ساز اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دوران مسرس ڈی چنیا اور اے رمیش ارکان اسمبلی کی جانب سے اس مسئلہ پر پوچھے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے وزیر زراعت مسٹر پی سرینواس ریڈی نے یہ بات کہی اور بتایا کہ ہر اگریکلچرل پالی ٹیکنک میں (30) طلباء و طالبات کو داخلہ دیتے ہوئے سال 2015-2016 میں ان اگریکلچرل پالی ٹیکنکس کا آغاز کیا گیا ۔ وزیر زراعت نے ارکان اسمبلی کے پوچھے گئے ضمنی سوالات کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی خصوصی دلچسپی اور ہدایات کی روشنی میں حکومت نے محکمہ زراعت کو بڑے پیمانے پر مستحکم بنانے کے اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ان ہدایات کی روشنی میں ہی محکمہ زراعت میں ایک ہزار نئے اگریکلچر آفیسرس کی جائیدادوں کو پر کرنے کیلئے تلنگانہ اسٹیٹ پبلک سرویس کمیشن کے ذریعہ تقررات عمل میں لائے جارہے ہیں ۔ علاوہ ازیں گزشتہ ایک عرصہ سے محکمہ میں مخلوعہ اگریکلچر آفیسرس کی (130) جائیدادوں پر بھی تقررات عمل میں لانے کے اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ وزیر زراعت نے مزید کہا کہ ان تقررات میں اگریکلچرل پالی ٹیکنکس سے تعلیم حاصل کئے ہوئے بے روزگار نوجوانوں کو بھی بعض تحفظات فراہم کئے جارہے ہیں ۔