حیدرآباد۔3 اگست (سیاست نیوز) وزیر آبپاشی ہریش رائو نے محکمہ آبپاشی کے برانڈ ایمبسڈر ماسٹر نیہال کے تعلیمی اخراجات کے لیے 35 ہزار روپئے کا چیک حوالہ کیا۔ جاریہ سال کے تعلیمی اخراجات کے طور پر یہ رقم ادا کی گئی ہے جس کا وعدہ ہریش رائو نے کیا تھا۔ اسکول انتظامیہ کو ہر سال نیہال کے تعلیمی اخراجات کا چیک دیا جائے گا۔ اس موقع پر نیہال کے والدین بھی موجود تھے۔ نیہال غیر معمولی حافظہ رکھتا ہے۔ چند ماہ قبل اس نے جلاسدھا آفس میں وزیر آبپاشی اور بڑے مجمع کے بیچ میں اپنے حافظے کا مظاہرہ پیش کیا۔ نیہال نے کالیشورم اور دیگر پراجیکٹس کی تفصیلات کسی معمولی غلطی کے بغیر پیش کی۔ اس کے حافظے اور مظاہرے سے متاثر ہوکر ہریش رائو نے اسے محکمہ آبپاشی کا برانڈ ایمبسڈر بنانے کا اعلان کیا۔ انہوں نے ڈگری تک نیہال کے تعلیمی اخراجات محکمہ آبپاشی کی جانب سے ادا کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ نیہال کی عمر 5 سال ہے اور وہ بھارتیہ ودیا بھون میں پہلی جماعت کا طالب علم ہے۔