حیدرآباد 8 مئی (سیاست نیوز) حکومت نے محکمہ آبپاشی میں 105 مختلف جائیدادوں پر تقررات عمل میں لانے اجازت دی ہے۔ باوثوق ذرائع نے کہاکہ 96 جونیر اسسٹنٹس و 9 جونیر اسٹینو گرافرس کی جائیدادوں پر تقررات عمل میں لائے جائیں گے۔ اس سلسلہ میں احکامات جاری کرکے تقررات کی ذمہ داری تلنگانہ اسٹیٹ پبلک سرویس کمیشن کو دی گئی۔ تلنگانہ پبلک سرویس کمیشن کے ذرائع نے بتایا کہ ریاست میں اے ای ای (اسسٹنٹ ایکزیکٹیو انجینئر) سیول کے تقررات عمل میں لانے کمیشن کی جانب سے منعقدہ امتحانی نتائج جاری کئے گئے۔ محکمہ عمارات و شوارع اور محکمہ آبپاشی میں 310 اسسٹنٹ ایکزیکٹیو انجینئر (سیول) کی جائیدادوں پر تقررات عمل میں لانے گزشتہ سال 27 اور 28 اگسٹ کو کمپیوٹر امتحان منعقد کیا گیا تھا۔ جملہ 23,619 امیدواروں نے شرکت کی تھی اور نتائج کے بعد جاریہ سال مارچ و اپریل میں کامیاب امیدواروں کے انٹرویوز کئے گئے اور اس مرحلہ کی تکمیل کے بعد قطعی نتائج کا اعلان کرکے 310 اے ای ای (سیول) جائیدادوں کے منجملہ 293 امیدواروں کا انتخاب عمل میں لایا گیا اور 17 جائیدادوں کے لئے امیدواروں کا انتخاب نہیں کیا جاسکا۔