ملٹی پلیکس، تھیٹرس کیخلاف کارروائی کے بعد مزید اقدامات پر توجہ
حیدرآباد۔5اگسٹ(سیاست نیوز) محکمہ اوزان و پیمائش کی جانب سے ملٹی پلکس تھیٹرس اور سنیما گھروں میں دھاؤوں کے بعد اب شہر حیدرآباد کے تجارتی اداروں بالخصوص ریستوراں اور ہوٹلوں پر دھاؤوں کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے کیونکہ گذشتہ چند یوم کے دوران محکمہ اوزان و پیمائش کی جانب سے واٹس اپ نمبر اور ٹول فری نمبر کی تشہیر کے بعد محکمہ کو کئی شکایات موصول ہوئی ہیں جن میں ریستوران اور طعام خانوں میں بوتل بند پانی اور دیگر اشیاء کی من مانی قیمتوں کی وصولی اور اشیاء خورد و نوش کے بل جاری نہ کئے جانے کی شکایت کی گئی ہے۔بتایاجاتاہے کہ محکمہ کی جانب سے اس سلسلہ میں مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے عہدیداروں سے مشاورت کے بعد شہر میں مہم شروع کرنے کے سلسلہ میں غور کیا جا رہا ہے کیونکہ بیشتر شکایتیں ہوٹلوں اور شہر حیدرآباد کے حدود کی ہوٹلوں کے متعلق موصول ہو رہی ہیں۔محکمہ کے عہدیداروں نے بتایا کہ محکمہ اوزان و پیمائش کی جانب سے چلائی جانے والی مہم کو زبردست عوامی تائیدحاصل ہو رہی ہے اور لوگ شکایات کے ساتھ کاروائی کی سراہنا کر رہے ہیں اسی لئے محکمہ نے فیصلہ کیا ہے کہ واٹس اپ اور ٹول فری نمبر پر موصول ہونے والی شکایات کو اندرون ایک ہفتہ حل کرنے کے اقدامات کے جائیں تاکہ عوامی اعتماد بحال ہوسکے۔بتایاجاتاہے کہ من مانی قیمتوں کی وصولی کے علاوہ ناپ تول میں کمی کی بھی متعدد شکایات موصول ہو رہی ہیں اور ان شکایات کا جائزہ لینے کے بعد ہی اس سلسلہ میں بھی اقدامات کو یقینی بنایا جائے گا۔ذرائع کے بموجب شہر حیدرآباد کے سرکردہ بازاروں اور پٹرول پمپس کے متعلق بھی محکمہ اوزان و پیمائش کو شکایات موصول ہوئی ہیں ان شکایات سے نمٹنے کیلئے اقدمات کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے تاکہ شہریوں کو اس بات کا یقین ہوسکے کہ ان کی جانب سے کی جانے والی شکایات رائیگاں نہیں جاتی بلکہ ان کی شکایات پر محکمہ کی جانب سے کاروائی یقینی بنائی جا رہی ہے ۔عہدیداروں نے بتایا کہ من مانی قیمتوں کی وصولی اور اعظم ترین قیمت سے زیادہ قیمت کی وصولی کے علاوہ ناپ تول میں کمی سنگین جرم ہے اور ان جرائم کے متعلق شکایات موصول ہونے پر خاموشی اختیار نہیں کی جائے گی بلکہ سخت کاروائی کرتے ہوئے عوام کو لوٹ کھسوٹ سے بچانے کے اقدامات کئے جائیں گے۔