نئی دہلی 10 فروری (سیاست ڈاٹ کام) محکمہ انکم ٹیکس کو 31 مارچ 2015 ء تک 10 ہزار کروڑ روپئے حاصل ہونے کی اُمید ہے۔ سپریم کورٹ کی مقرر کردہ خصوصی تحقیقاتی ٹیم (ایس آئی ٹی) کی زیرنگرانی محکمہ انکم ٹیکس کالا دھن اکاؤنٹ ہولڈرس سے پہلے ہی 3500 کروڑ روپئے وصول کرچکا ہے۔ ایس آئی ٹی کے نائب صدرنشین جسٹس اریجیت پسائت نے کہاکہ اِس کے علاوہ 31 مارچ تک محکمہ انکم ٹیکس 10 ہزار کروڑ روپئے وصول کرنے کا نشانہ مقرر کرچکا ہے۔ جبکہ ایک سال کی مدت میں کالا دھن اکاؤنٹ ہولڈرس سے محکمہ کو 30 ہزار کروڑ روپئے وصول ہونے کی توقع ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ یہی وجہ ہے کہ ہم تمام ذرائع سے بیرون ملک کالا دھن جمع کرنے والے ہندوستانیوں کے بارے میں معلومات حاصل کررہے ہیں۔ ہندوستانیوں کے 628 کالا دھن بینک اکاؤنٹس بیرون ملک ہیں، جن کے بارے میں ہندوستان کو فرانس نے اطلاع دی ہے۔