حیدرآباد۔3 مئی (سیاست نیوز) تلنگانہ اقلیتی کمیشن اور محکمہ اقلیتی بہبود کے اشتراک سے محکمہ اقلیتی بہبود کے ملازمین کے لیے کل 4 مئی کو ڈاکٹر مری چنا ریڈی انسٹی ٹیوٹ آف ہیومن ریسورس ڈیولپمنٹ میں ایک روزہ ورک شاپ کا اہتمام کیا جارہا ہے۔ جس کا مقصد اقلیتی اسکیمات کے بارے میں ملازمین کو واقف کروانا اور عمل آوری کے طریقہ کار سے آگاہ کرنا ہے۔ صدرنشین اقلیتی کمیشن محمد قمرالدین نے بتایا کہ اس ایک روزہ ورک شاپ میں مختلف اقلیتی اداروں کے 30 تا 40 ملازمین اور عہدیدار شرکت کریں گے۔ اقلیتی کمیشن نے ڈائرکٹر اقلیتی بہبود شاہ نواز قاسم سے اس سلسلہ میں تعاون حاصل کیا ہے۔ ورک شاپ میں اقلیتی اسکیمات اور ان پر عمل آوری کا جائزہ لیا جائے گا۔ عہدیداروں کو اسکیمات سے آگہی اور درخواست گزاروں کے مسائل کی یکسوئی کے بہتر طریقہ کار کی تربیت دی جائے گی۔ ڈاکٹر مری چنا ریڈی انسٹی ٹیوٹ آف ہیومن ریسورس ڈیولپمنٹ کے ماہرین مختلف سرکاری امور کی تکمیل کے بارے میں لیکچر دیں گے۔ ورک شاپ میں اقلیتی کمیشن کے اختیارات اور کمیشن کے قانون کے بارے میں ملازمین کو واقف کرتے ہوئے کمیشن کی جانب سے ہدایات پر عمل آوری کے سلسلہ میں رہنمایانہ خطوط دیئے جائیں گے۔ اکثر دیکھا گیا ہے کہ سرکاری ملازمین کمیشن کے ایکٹ سے واقف نہیں ہیں جس کے نتیجہ میں کمیشن کے اختیارات اور کارکردگی سے لا علم ہیں۔ ایک روزہ ورک شاپ سے توقع کی جارہی ہے کہ ملازمین کی بہتر ٹریننگ میں مدد ملے گی۔