محکمہ اقلیتی بہبود کے آج تاسیس تلنگانہ پروگرامس

خصوصی دعا ، خون کا عطیہ کیمپ ، صلواۃ الحاجت ، مشاعرہ کے علاوہ عیسائیوں اور سکھ مت کے بھی پروگرامس
حیدرآباد ۔ یکم جون (سیاست نیوز) یوم تاسیس تلنگانہ کے موقع پر محکمہ اقلیتی بہبود کی جانب سے کل 2 جون کو مختلف پروگرامس منعقد کئے جارہے ہیں۔ عبادتگاہوں میں حکومت اور ریاست کی بھلائی کیلئے خصوصی دعاؤں کے ساتھ ان تقاریب کا آغاز ہوگا۔ اردو کے 3 پروگرام منعقد کئے جائیں گے جبکہ عیسائی اور سکھ طبقہ کیلئے دو علحدہ پروگراموں کو قطعیت دی گئی۔ سکریٹری اقلیتی بہبود سید عمر جلیل اور ڈائرکٹر سکریٹری اردو اکیڈیمی پروفیسر ایس اے شکور نے آج میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے پروگراموں کی تفصیلات بیان کی۔ انہوں نے بتایا کہ تاریخی مکہ مسجد میں صبح 10 بجے ریاست کی ترقی اور باران رحمت کیلئے خصوصی دعا کی جائے گی۔ حافظ و قاری رضوان قریشی امام و خطیب مکہ مسجد نماز حاجت کی امامت کریں گے اور دعاء ہوگی۔ بعد میں خون کا عطیہ کیمپ منعقد کیا جائے گا ۔ سکریٹری نے بتایا کہ نماز استسقاء چونکہ کھلے مقام پر ادا کی جاتی ہے لہذا  مکہ مسجد میں صلوٰۃ الحاجت پڑھی جائے گی ۔ جشن تلنگانہ کے تحت 3 پروگرام منعقد کئے جائیں گے ، جن میں شام  غزل ، کل ہند مشاعرہ اور محفل قوالی شامل ہیں ۔

انڈور اسٹیڈیم فتح میدان میں شام 7.00 بجے شام غزل کا آغاز ہوگا جس میں عالمی شہرت یافتہ گلوکار طلعت عزیز اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے۔ ان کے علاوہ حیدرآباد کے فنکار رکن الدین ، خان اطہر ، شکیل احمد، جسبیر کور اور پوروا گرو کو بھی موقع دیا جائے گا۔ قلی قطب شاہ اسٹیڈیم میں کل ہند مشاعرہ رات 8.30   بجے شروع ہوگا، جس میں مہمان شعراء جوہر کانپوری ، شبینہ ادیب، لتا حیا، ماجد دیوبندی ، وجئے تیواری ، حامد بھنساولی ، ضیا ٹونکی ، ہاشم فیروز آبادی ، رئیس قاسمی اور صباء بلرام پوری اپنا کلام پیش کریں گے۔ میزبان شعراء میں مضطر مجاز ، محسن جلگانوی ، ڈاکٹر محمد علی رفعت ، صوفی سلطان شطاری ، جلال عارف ، آغا سروش ، ڈاکٹر فاروق شکیل ، مسرور عابدی ، سردار سلیم اور تسنیم جوہر کو مدعو کیا گیا ہے۔ خلوت میدان پر رات 8 بجے محفل قوالی منعقد ہوگی۔ سالم برادران بندہ نوازی گلبرگہ ، وارثی برادران اور احسن حسین خاں بندہ نوازی اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے ۔ ہری ہرا کلا بھون سکندرآباد میں شام 5 بجے سکھ برادری کے پروگرام ہوں گے جبکہ 7 بجے سے  عیسائی برادری کے تہذیبی پروگرام پیش کئے جائیں گے۔ ان پروگراموں کیلئے اقلیتی بہبود کے مختلف عہدیداروں کو ذمہ داری دی گئی ہے۔ ان پروگراموں کی صدارت ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی کریں گے جبکہ ریاستی وزراء اور عوامی نمائندوں کو مدعو کیا گیا ہے۔ صبح 9.00 بجے حج ہاؤز نامپلی پر قومی پرچم لہرایا جائے گا اور دوپہر میں انیس الغرباء بچوں میں کھانے کا اہتمام کیا جائے گا اور مٹھائی تقسیم کی جائے گی۔

راجندر نگر میں پلر نمبر 202 پر اسٹریٹ لائٹ کے کام کی تکمیل
شمس آباد ۔ یکم ۔ جون : ( سیاست نیوز ) : راجندر نگر کے علاقہ میں پلر نمبر 202 کے اطراف اسٹریٹ لائٹ نہ ہونے کی وجہ سے عوام کو رات کے اوقات مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا تھا ۔ سید مزمل احمد ، سرفراز اور مقامی افراد کی نمائندگی پر اسٹریٹ لائٹ کے لیے کھمبا اور لائٹ ڈالی گئی ۔ سید مزمل احمد نے بتایا کہ رات کے اوقات ضعیف حضرات کو چلنے کے لیے دشواری پیدا ہورہی تھی ۔ متعلقہ عہدیداروں سے نمائندگی کرنے پر اسٹریٹ لائٹ ڈالی گئی ۔ جس سے پیدل راہرو خاص کر ضعیف حضرات کو آسانی ہوگئی ہے ۔۔