محکمہ اقلیتی بہبود کی حالت انتہائی ابتر ہونے کا خدشہ

عہدیداروں کی کمی کے سبب فلاحی اسکیمات پر عمل آوری میں مسائل کا سامنا
حیدرآباد۔15مارچ(سیاست نیوز) محکمہ اقلیتی بہبود کے مختلف شعبۂ جات میں عہدیداروں کی قلت کے سبب کئی مسائل پیدا ہونے لگے ہیں اور محکمہ اقلیتی بہبود کی اسکیمات پر مؤثر عمل آوری میں عہدیداروں کی قلت سب سے بڑا مسئلہ بنا ہوا ہے۔ حکومت تلنگانہ کی جانب سے ریاست میں اقلیتوں کے مسائل کے حل کے متعدد دعوے کئے جا رہے ہیں لیکن عہدیداروں کی قلت کے سبب اقلیتوں کی ترقی کے دعوے محض زبانی ثابت ہونے لگے ہیں۔ ریاستی محکمہ اقلیتی بہبود کے مختلف شعبہ جات میں عہدیداروں کی عدم موجودگی کے باوجود دیگر محکمہ جات سے عہدیداروں کی خدمات محکمہ اقلیتی بہبود کی جانب سے حاصل کرنے کے سلسلہ میں فوری اقدامات ناگزیر ہیں کیونکہ محکمہ اقلیتی بہبود کے شعبہ جات کی حالت انتہائی ابتر ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جانے لگا ہے کیونکہ ایک عہدیداروں کو کئی ذمہ داریوں کی شکایت کے بعد اب موجودہ عہدیداروں کی خدمات کی توسیع کے مسائل بھی سامنے آنے لگے ہیں۔ حکومت تلنگانہ کی جانب سے گذشتہ یوم ڈائریکٹر سیکریٹری تلنگانہ ریاستی اردو اکیڈمی کے عہدہ کی زائد ذمہ داری جناب محمد عبدالوحید منیجنگ ڈائریکٹر تلنگانہ ریاستی اقلیتی مالیاتی کارپوریشن کو تفویض کی گئی ہے اور ڈاکٹر ایس اے شکور کو اس ذمہ داری سے سبکدوش کردیا گیا ہے لیکن جناب محمد عبدالوحید کو دی گئی ذمہ داری صرف 15دن تک ہی رہے گی! حکومت تلنگانہ نے ریٹائرڈ آئی ایف ایس جناب محمد عبدالوحید کی خدمات حاصل کرتے ہوئے انہیں 31مارچ 2019تک برقرار رکھنے کا فیصلہ کرتے ہوئے احکام جاری کئے تھے جوکہ جاریہ ماہ میں ختم ہونے جارہی ہے حکومت کی جانب سے اگر فوری طور پر جناب محمد عبدالوحید کی خدمات میں توسیع کے اقدامات نہیں کئے جاتے ہیں تو ایسی صورت میں تلنگانہ ریاستی اقلیتی مالیاتی کارپوریشن اور تلنگانہ ریاستی اردو اکیڈمی کے اہم عہدوں پر کوئی عہدیدار نہیں رہے گا ۔ تلنگانہ ریاستی وقف بورڈ کے چیف ایکزیکیٹیو آفیسر کے عہدہ کی بھی زائد ذمہ داری جناب شاہنواز قاسم آئی پی ایس کے پاس ہے جبکہ وہ ڈائریکٹر تلنگانہ محکمہ اقلیتی بہبود کے عہدہ پر مامور ہیں۔ اسی طرح ڈاکٹر ایس اے شکور کے پاس بھی ان کے مستقل عہدہ ڈائریکٹر سنٹر فار ایجوکیشنل ڈیولپمنٹ آف مائناریٹیز کے علاوہ اسٹڈی سرکل اور تلنگانہ ریاستی حج کمیٹی کی اضافی ذمہ داری موجود ہے۔ ذرائع کے مطابق ڈائریکٹر محکمہ اقلیتی بہبود کی جانب سے مستقل چیف ایکزیکیٹیو آفیسر کے علاوہ دیگر عہدوں کے لئے دیگر محکمہ جات میں خدمات انجام دینے والے عہدیداروں کی تلاش جاری ہے اور کہا جا رہاہے کہ تلنگانہ ریاستی وقف بورڈ کے چیف ایکزیکیٹیو آفیسر کے عہدہ پر محکمہ پولیس کے چند مسلم عہدیداروں کے ناموں پر غور کیا جا رہاہے توقع ہے کہ سی ای او کے عہدہ پر محکمہ پولیس کے مسلم عہدیدار کے تقرر کو رضامندی مل جائے گی کیونکہ مشیر حکومت تلنگانہ برائے اقلیتی بہبود جناب عبدالقیوم خان ریٹائرڈ آئی پی ایس ہونے کے علاوہ ڈائریکٹر محکمہ اقلیتی بہبود جناب شاہنواز قاسم برسر خدمت آئی پی ایس ہیں اسی لئے دونوں ہی ریاستی وقف بورڈ میں سی ای او کے عہدہ پر پولیس عہدیدار کے تقرر کے حامی ہیں۔