حیدرآباد۔/25جون، ( سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت کی تشکیل کے بعد پہلی مرتبہ محکمہ اقلیتی بہبود کیلئے بجٹ جاری کیا گیا۔ پرنسپل سکریٹری اقلیتی بہبود ڈاکٹر ٹی رادھا نے آج جملہ 8مختلف جی اوز جاری کرتے ہوئے اقلیتی اداروں کیلئے 42کروڑ 31لاکھ 91ہزار روپئے جاری کئے۔ جی او آر ٹی 8 کے تحت اقلیتی ہاسٹلس اور اقامتی مدارس کیلئے منصوبہ جاتی بجٹ کے تحت 4کروڑ 81لاکھ 25ہزار روپئے منظور کئے گئے۔ مالیاتی سال 2014-15کے تحت یہ رقم منظور کی گئی۔ اس رقم کے ذریعہ ہاسٹلس اور اقامتی مدارس کی تعمیر اور ان کے اخراجات کی تکمیل کی جائے گی۔ جون، جولائی اور اگسٹ کے لئے یہ رقم منظور کی گئی ہے۔ جی او آر ٹی 7 کے تحت اردو گھر؍ شادی خانوں کی تعمیر، ریاستی حج کمیٹی، سی ای ڈی ایم اور سروے کمشنر وقف کی امداد کیلئے 3کروڑ 86لاکھ 39ہزار روپئے مختص کئے گئے۔ اردو گھر؍ شادی خانوں کی تعمیر کیلئے ایک کروڑ 8لاکھ 69ہزار روپئے مختص کئے گئے۔ اس اسکیم پر عمل آوری اردو اکیڈیمی کی جانب سے کی جاتی ہے۔ ریاستی حج کمیٹی کی امداد کے طور پر 27لاکھ 57ہزار روپئے منظور کئے گئے۔
سنٹر فار ایجوکیشنل ڈیولپمنٹ آف میناریٹیز کیلئے 40لاکھ 50ہزار اور سروے کمشنر وقف کیلئے 2کروڑ 9لاکھ 63ہزار روپئے مختص کئے گئے۔ کمشنر اقلیتی بہبود تلنگانہ کو اس رقم کے حصول اور متعلقہ اداروں میں تقسیم کا مجاز گردانا گیا ہے۔ جی او آر ٹی 6 کے تحت وقف بورڈ، دائرۃ المعارف عثمانیہ یونیورسٹی، اردو اکیڈیمی کی امداد، غریب اقلیتوں کی اجتماعی شادیوں اور بینکوں سے مربوط سبسیڈی کی فراہمی سے متعلق اسکیمات کیلئے 25کروڑ 35لاکھ 89ہزار روپئے مختص کئے گئے۔ اس رقم میں وقف بورڈ کیلئے 7کروڑ 13لاکھ 3ہزار روپئے، دائرۃ المعارف کی امداد کے طور پر 50لاکھ، اردو اکیڈیمی کیلئے ایک کروڑ 64لاکھ24ہزار، اجتماعی شادیوں کیلئے65لاکھ 14ہزار، بینکوں سے مربوط سبسیڈی اسکیم کیلئے 15کروڑ 43لاکھ 48ہزار روپئے مختص کئے گئے۔ اجتماعی شادیوں کی اسکیم پر عمل آوری اقلیتی بہبود کمشنریٹ کی جانب سے کی جاتی ہے جبکہ سبسیڈی کی اجرائی اقلیتی فینانس کارپوریشن کے ذمہ ہے۔ جی او آر ٹی 5کے تحت اقلیتوں کی سماجی اور معاشی صورتحال اور ان کے ترقیاتی پروگراموں کا جائزہ لینے سے متعلق اسکیم کیلئے ایک کروڑ 99لاکھ 4ہزار روپئے مختص کئے گئے۔ اس اسکیم پر عمل آوری اقلیتی بہبود کمشنریٹ کی جانب سے کی جائے گی۔ جی او آر ٹی 4کے تحت کرسچین فینانس کارپوریشن
اور اقلیتی فینانس کارپوریشن کی اسکیمات کیلئے 5کروڑ 49لاکھ 34ہزار روپئے جاری کئے گئے جن میں کرسچین فینانس کارپوریشن کو 8لاکھ 13ہزار اور اقلیتی فینانس کارپوریشن کو دو علحدہ مداد کے تحت ایک کروڑ 8 لاکھ 11ہزار اور 4کروڑ 33لاکھ 10روپئے مختص کئے گئے۔ جی او آر ٹی 3کے تحت اقلیتی بہبود کے ضلعی دفاتر کیلئے تین ماہ کے اخراجات کے طور پر 31لاکھ 45ہزار روپئے مختص کئے گئے۔ یہ رقم تلنگانہ کے 10اضلاع میں ضلعی دفاتر کے ملازمین کی تنخواہوں اور دیگر ضروریات پر خرچ کی جائے گی۔ جی اوآر ٹی2کے تحت کمشنریٹ اقلیتی بہبود کے ہیڈکوارٹر کے سہ ماہی اخراجات کیلئے 32لاکھ 94ہزار روپئے مختص کئے گئے۔ یہ رقم ہیڈ کوارٹر کے ملازمین اور عہدیداروں کی تنخواہوں اور دیگر ضروریات پر خرچ کی جائے گی۔ جی او آر ٹی 1 کے تحت دائرۃ المعارف عثمانیہ یونیورسٹی اور اردو اکیڈیمی کی مختلف اسکیمات پر عمل آوری کیلئے 15لاکھ 61ہزار روپئے مختص کئے گئے جن میں دائرۃ المعارف کیلئے 36ہزار، اردو اکیڈیمی کودو مداد کے تحت علی الترتیب 13لاکھ32ہزار اور ایک لاکھ 30ہزار جبکہ یومیہ اور معمول مد کے تحت 63ہزار روپئے مختص کئے گئے۔