اعداد و شمار نئی عمارت کا افتتاح ، ریاستی وزیر فینانس کا خطاب
حیدرآباد ۔ 22 ۔ اگست : ( سیاست نیوز) : ریاستی وزیر فینانس ای راجندر نے آج یہاں محکمہ اعداد و شمار و معیشت کی نئی عمارت کا افتتاح کیا ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیر فینانس نے محکمہ کے عہدیداروں سے کہا کہ وہ سنہرے تلنگانہ کے حصول کے لیے حکومت کے نظریہ کے تحت کام کریں ۔ انہوں نے محکمہ اعداد و شمار کو انتہائی اہمیت کا حامل قرار دیتے ہوئے کہا کہ اعداد و شمار کی بنیاد پر ہی حکومت ترقیاتی سرگرمیوں کو انجام دے سکتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ کی رپورٹ حقائق پر مبنی ہونی چاہئے ۔ وزیر فینانس نے ملازمین سے کہا کہ وہ صرف اپنی ترقی اور تبادلوں پر ہی توجہ نہ دیں بلکہ حصول سنہرے تلنگانہ اور عوام سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل کے لیے کام انجام دیں ۔ انہوں نے یاد دلایا کہ قدیم عمارت کو فرمان نظام کے تحت 1919 میں قائم کیا گیا تھا ۔ سال 1961 ۔ 1979 اور 1982 میں زائد بلاکس تعمیر کئے گئے تھے ۔ انہوں نے بتایا موجودہ نئی عمارت پر بشمول ریاستی حکومت کا حصہ 1.5 کروڑ جملہ 4.5 کروڑ کے مصارف عائد ہوئے ہیں ۔ اس موقع پر وزیر نے ہریتا ہرم ایپ اور سماجی معاشی آوٹ لک کے تلگو ورژن کا اجراء عمل میں لایا ۔ قبل ازیں بی پی آچاریہ نے کہا کہ محکمہ اعداد و شمار کے لیے اس عمارت کو تقریبا ایک سو سال بعد تعمیر کیا گیا ۔ انہوں نے اعداد و شمار کو سرکاری حیثیت سے اہمیت کا حامل قرار دیتے ہوئے کہا کہ محکمہ کی یہ نئی عمارت اعداد و شمار معیشت کا مرکز ہوگی ۔۔