گنبدان قطب شاہی کی عظمت رفتہ بحال کرنے کا عزم ، سیاحت کے فروغ پر توجہ
حیدرآباد ۔ 6 ۔ دسمبر : ( سیاست نیوز ) : گنبدان قلی قطب شاہی کی عظمت رفتہ کو بحال کرنے کے لیے آج تلنگانہ کے محکمہ آثار قدیمہ اور آغا خاں ٹرسٹ کے درمیان ایک معاہدے پر دستخط کیا گیا اس پراجکٹ پر آغا خاں ٹرسٹ 100 کروڑ روپئے اور مرکزی حکومت 90 کروڑ روپئے خرچ کرے گی جملہ 190 کروڑ روپئے کے مصارف سے گنبدان قطب شاہی کو ترقی دینے سے اتفاق کیا گیا ہے ۔ سکریٹری سیاحت و آثار قدیمہ بی وینکٹیشم نے سکریٹریٹ میں آغا خاں ٹرسٹ کے نمائندوں لوئس منڈریال ، آشیش مرچنٹ ، رتیش نندا سے ملاقات کی ۔ اس موقع پر ڈائرکٹر محکمہ آثار قدیمہ ڈاکٹر وشالاکشی بھی موجود تھیں ۔ بی وینکٹیشم نے بتایا کہ قدیم و تاریخی عمارتوں کے تحفظ اور اس کی نگہداشت اور اصلی حالت میں بحال کرنے کے معاملے میں عالمی سطح پر آغا خان ٹرسٹ کو شہرت اور تجربہ ہے ۔ دہلی کے عمانین گنبداں کی عظمت رفتہ کو بحال کرنے آغا خاں ٹرسٹ نے کلیدی رول ادا کیا ہے ۔ آغا خاں ٹرسٹ کے اسی تجربہ سے بھر پور فائدہ اٹھانے اور گنبدان قطب شاہی کی عظمت رفتہ کو بحال کرنے کے لیے آغا خاں ٹرسٹ سے معاہدہ کیا گیا ہے ۔ اس پراجکٹ پر آغا خاں ٹرسٹ اپنے ذاتی 100 کروڑ روپئے خرچ کرے گا ۔ ساتھ ہی مرکزی حکومت بھی 90 کروڑ روپئے خرچ کرے گی ۔ سکریٹری سیاحت بی وینکٹیشم نے کہا کہ اس معاملے میں دونوں کے درمیان ایک معاہدہ پر دستخط کیا گیا ہے ۔ آئندہ دس سال میں گنبداں قلی قطب شاہی کی عظمت بحال ہوجائے گی اور سیاحوں کے لیے بہت بڑا سیاحتی مرکز شہر حیدرآباد میں دستیاب ہوجائے گا ۔۔