محکمہ آبرسانی کی لاپرواہی ، پانی کی اجرائی کا غیر معلنہ وقت

شہریوں کو تکالیف کا سامنا ، حصول آب کے لیے صارفین کی دوڑ دھوپ
حیدرآباد ۔ 28 ۔ مارچ : ( سیاست نیوز ) : حیدرآباد میٹرو واٹر ورکس کی جانب سے رات کے اوقات میں کسی بھی وقت نلوں کے ذریعہ پانی چھوڑا جاسکتا ہے ۔ جس کے لیے کوئی خاص وقت مقرر نہیں ہے ۔ عوام پانی کے انتظار میں رات سوئے بغیر گذار دینے پر مجبور ہورہے ہیں ۔ علاقہ نامپلی کے گوگل نگر کے باشندوں کا کہنا ہے کہ دو ماہ سے پانی سربراہ کرنے کے اوقات مختص کرنے سے متعلق واٹر بورڈ سے کئی مرتبہ نمائندگی کی گئی مگر عہدیداران اس جانب بالکل توجہ ہی نہیں دے رہے ہیں ۔ ماضی میں ایک دن کے وقفہ سے صبح 4 تا صبح 6-30 بجے تک نلوں کے ذریعہ پانی چھوڑا جاتا تھا مگر اب بستی کے عوام سے مشورہ کئے بغیر من مانی اوقات میں رات کے وقت پانی سربراہ کیا جارہا ہے ۔ جس کی وجہ سے عوام شدید پریشان ہیں اور عوام کو رات 9 بجے سے صبح تک کسی بھی وقت پانی سربراہ کیا جاسکتا ہے کبھی رات 9 بجے تو کبھی 10 یا 11 بجے یا رات 1 بجے رات میں کسی بھی وقت پانی آنے کے انتظار میں عوام کو رات بھر جاگتے رہنا پڑرہا ہے ۔ مکینوں کا کہنا ہے کہ واٹر بورڈ عہدیداران کے پاس عوام کی نیند کی کوئی حقیقت ہی نہیں ہے ۔ لہذا رات کے اوقات کے بجائے دن کے اوقات میں ہی مقرر اوقات میں پانی سربراہ کریں تاکہ پانی ضائع نہ ہونے پائے ۔۔

بزم خواتین کی آج محفل غزل
حیدرآباد ۔ 28 ۔ مارچ : ( راست ) : صدر بزم خواتین محترمہ شاہانہ صدیقہ کے بموجب 29 مارچ کو 7 بجے شام اردو گھر مغل پورہ میں محفل غزل منعقد ہے ۔ صدارت جناب فاروق حسین ٹی آر ایس ایم ایل سی کریں گے ۔ مہمان خصوصی جناب ایس کے افضل الدین ہوں گے ۔ اعزازی مہمانان جناب کاظم حسین خاں ، کوثر جہاں ، جناب سید عثمان ، جناب علیم ، سید علی صادق ، جناب اعجاز الزماں شرکت کریں گے ۔ محترمہ حنیفہ صدر جھانسی لکشمی بائی وارڈ ممبر ، جناب گلشن ستار ، جناب ایس ایم ہادی شرکت کریں گے ۔