محنت کش طبقہ کی فلاح و بہبود کیلئے کوشش ضروری

حسن آباد میں یوم مئی تقاریب سے مختلف شخصیتوں کا خطاب
حسن آباد۔/2مئی، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) بین الاقوامی یوم مئی تقاریب کے ضمن میں کل حسن آباد ریونیو ڈیویژن کے منڈلس حسن آباد، کوہیڈا، بجنکی اکنا پیٹ اور مدور منڈلس میں مئی ڈے تقاریب روایتی جوش و خروش کے ساتھ علحدہ علحدہ طور پر منائی گئیں جس میں مختلف مزدور یونینوں سے وابستہ ہزاروں مزدوروں نے حصہ لے کر اپنی اپنی تنظیم کے پرچم کو لہراکر مزدور و محنت کش طبقہ کی ہر ممکنہ فلاح و بہبود کیلئے متحدہ طور پر جدوجہد کرنے پر زور دیا اور مزدوروں کے مفادات کے تحفظ اور مسائل کی یکسوئی کیلئے مناسب قانون سازی کرنے کا ریاستی و مرکزی حکومتوں سے پرزور مطالبہ کیا۔ مدور منڈل کے موضع سلاخپور میں سی پی ایم کی محاذی مزدور تنظیم منسٹر آف انڈین ٹریڈ یونین کے منڈل صدر کامریڈ محمدشفیق احمد نے سینکڑوں مزدوروں کی موجودگی میں سرخ پرچم کشائی انجام دے کر غیر منظم شعبہ سے وابستہ مزدوروں کو وظیفہ پیرانہ سالی کی حد عمر میں تخفیف کرتے ہوئے50سال سے زائد عمر والے افراد کو فی الفور آسرا وظیفہ منظور کرنے اور مدور منڈل کے لئے فوری ای ایس آئی دواخانہ کی منظوری کرنے کا مرکزی وزارت لیبر سے پرزور مطالبہ کیا۔ سی پی ایم کے منڈل سکریٹری اے یادگیری نے اپنے خطاب میں یومیہ اجرت پر کام کرنے والے مزدوروں کو ڈبل بیڈ روم اسکیم کے تحت خصوصی کوٹہ مقرر کرنے اور پی ایف کے شرح سود میں اضافہ کرنے کے علاوہ قرضہ جات کی شرح سود میں کمی کرنے کا مرکزی حکومت سے مطالبہ کیا ۔ اس موقع پر کامریڈ مہیندر سائیلو، اشوک، سید ابراہیم، اصغر، مشتیالہ گنیش، اندے اشوک اور دیگر بھی تقاریب میں موجود تھے۔