دوبئی میں ’ جشن تلنگانہ ‘ جلسہ میں شرکت کی دعوت
حیدرآباد ۔ 26 ۔ جون : ( راست ) : محمد محمود علی ڈپٹی چیف منسٹر سے دوبئی کے ممتاز تاجر خدا داد خاں نے کل شام ان کے چیمبر میں ملاقات کی اور گلپوشی کرتے ہوئے انہیں مبارکباد دی ۔ جناب خدا داد خاں نے محمود علی صاحب سے کہا کہ عرب امارات میں مقیم علاقہ تلنگانہ اور بطور خاص حیدرآبادیوں میں خوشی و مسرت کا اظہار کیا جارہا ہے اور اقلیتوں اور خاص کر مسلمانوں کے دیرینہ مسائل کے حل کے لیے ان سے بے باک نمائندگی کی توقع کی جارہی ہے ۔ جناب خدا داد خاں نے کہا کہ کے سی آر نے بھی اپنے وعدہ کی تکمیل کے ذریعہ مسلمانوں کا دل جیت لیا ہے اور آئندہ بھی مسلمانوں کے تعلق سے ان کا رویہ مثبت رہے گا ۔ اس موقع پر جناب خدا داد خاں نے جناب محمود علی سے خواہش کی کہ انہیں شہر کے مضافات میں تین ایکڑ زمین الاٹ کی جائے جس میں وہ ایک مسجد تعمیر کرنے کے علاوہ لاوارث اموت کی تجہیز و تکفین کیلئے مکمل انتظامات کرینگے۔ جس میں ملازمین کے تقرر کے علاوہ ایک ایمبولنس گاڑی بھی فراہم کریں گے ۔ جناب محمود علی نے اس پر مثبت ردعمل کا اظہار کیا اور جلد سے جلد اقدام کا تیقن دیا ۔ اس موقع پر سید مسکین احمد سابق نائب صدر بلدیہ سدی پیٹ ، جناب امانت خاں ، عبدالقادر ، دیپک شرما ، راکیش شرما موجود تھے ۔ جناب خدا داد خاں نے کہا کہ بعد رمضان دوبئی میں جشن تلنگانہ کا بڑے پیمانے پر انعقاد عمل میں لایا جائے گا ۔ انہوں نے جناب محمود علی کو شرکت کی دعوت دی جس کو انہوں نے فوری قبول کیا ۔ ان کے علاوہ اس جشن تلنگانہ میں ٹی ہریش راؤ ریاستی وزیر بھی شرکت کریں گے ۔ جن کے ہمراہ سید مسکین احمد ، امانت خاں رہیں گے ۔۔