محمود سر میرے آئیڈیل ہیں: بومن ایرانی

ممبئی ۔ 20 ۔ اکتوبر (سیاست ڈاٹ کام) بالی ووڈ کے باصلاحیت اداکار بومن ایرانی جو اس وقت اپنی نئی فلم ہیپی نیو ایئر کے پروموشن میں مصروف ہیں، باتوں باتوں میں بالی ووڈ کے سب سے زیادہ پسند کئے جانے والے کامیڈین مرحوم محمود کو یاد کرتے ہوئے انہیں زبردست خراج عقیدت پیش کیا ۔ انہوں نے کہا کہ محمود سر نے اپنے کیریئر کے دوران جو رولز ادا کئے ہیں ، اگر وہ (بومن) ان کا 25 فیصد بھی ادا کرنے میں کامیاب ہوگئے تو محمود سر کے لئے یہ بڑا خراج عقیدت ہوگا ۔ محمود سر کامیڈی کے علاوہ ایسی فلمیں بھی کرتے تھے جس میں سماج کیلئے پیغام ہوتا تھا۔ بومن نے کہا کہ محمود سر کی فلم کنوارہ باپ دیکھ کر ان کی آنکھوں میں آنسو آگئے تھے کہ کس طرح ایک مجبور باپ اپنے پولیو سے متاثرہ بیٹے کو اسکول کی ریس میں کامیاب کروانے کی کوشش کرتا ہے ۔ محمود سر نے ہر نوعیت کے رول کئے چاہے وہ انسپکٹر ہو ، جاسوس ہو، فقیر ہو، فلم ایکٹر ہو، غریب ہو یا امیر ہو۔ علاوہ ازیں انہوں نے اپنی فلموں میں نہ صرف ڈبل رول بلکہ ٹریپل رول بھی کئے ۔ فلم شائقین ان کی ٹریپل رول والی فلم ہمجولی آج تک نہیں بھولے ہوں گے ۔ بومن نے کہا کہ منا بھائی ایم بی بی ایس سے انہوں نے اپنا جو سفر شروع کیا تھا اس کا سلسلہ ہنوز جاری ہے ۔ مختلف نوعیت کے رولز کرتے وقت انہیں محمود سر کی بے ساختہ یاد آجاتی ہے کیونکہ وہی میرے آئیڈیل ہیں۔