محمد ولی اللہ سمیر حیدرآباد سٹی کانگریس صدرنشین نامزد

کانگریس کو مستحکم اور اقلیتوں قریب تر کرنے کیلئے کام کرنے کی یقین دہانی
حیدرآباد /5 ڈسمبر ( سیاست نیوز ) صدر تلنگانہ پردیش کانگریس اقلیت ڈپارٹمنٹ شیخ عبداللہ سہیل نے کانگریس کے قائد محمد ولی اللہ سمیر کو حیدرآباد سٹی کانگریس اقلیت ڈپارٹمنٹ کا صدرنشین نامزد کیا ۔ صدر آل انڈیا کانگریس اقلیت ڈپارٹمنٹ ندیم جاوید نے احکامات محمد ولی اللہ سمیر کے حوالے کئے ۔ اس موقع پر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کے ترجمان سید نظام الدین بھی موجود تھے ۔ محمد ولی اللہ سمیر نے انہیں صدر حیدرآباد سٹی کانگریس اقلیت ڈپارٹمنٹ نامزد کرنے پر کانگریس کے قومی صدر راہول گاندھی تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹیوں کے صدر اُتم کمار ریڈی ، ندیم جاوید اور شیخ عبداللہ سہیل سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کانگریس کے استحکام اور اقلیتوں کو کانگریس سے مزید قریب کرنے کیلئے اپنی ذمہ داری بخوبی نبھانے کے عزم کا اظہار کیا ۔ محمد ولی اللہ سمیر نے 7 ڈسمبر کو منعقد ہونے والے تلنگانہ اسمبلی انتخابات میں کانگریس اور پیپلز فرنٹ کے تمام امیدواروں کو بھاری اکثریت سے کامیاب بنانے کی اقلیتوں سے اپیل کی ہے ۔ کانگریس کی کامیابی پر اقلیتوں کیلئے سب پلان تیار ہونے اور آبادی کے تناسب سے بجٹ مختص ہونے کی توقع کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس ہی واحد جماعت ہے جو کبھی فرقہ پرستوں سے سمجھوتہ نہیں کرتی ۔ موجودہ ماحول میں دیش اور دستور کو بچانے کیلئے کانگریس کی کامیابی کو انتہائی اہم قرار دیا ۔