محمد نشید کی گرفتاری پر امریکہ کا اظہارِ افسوس

واشنگٹن۔ 24 فروری (سیاست ڈاٹ کام) امریکہ نے دہشت گردی کے الزامات کے تحت مالدیپ کے سابق صدر محمد نشید کی گرفتاری پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومت مالدیپ پر زور دیا کہ وہ اپنے ملک میں جمہوریت، آزادیٔ عدلیہ اور قانون کی حکمرانی کیلئے اپنے عزم پر عوامی اعتماد کی بحالی کیلئے مناسب اقدامات کرے۔ امریکی دفتر خارجہ کی ترجمان جن ساکی نے اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ’’دہشت گردی کے الزامات کے تحت سابق صدر نشید کی اس ہفتہ کے اواخر میں گرفتاری کی اطلاعات پر ہمیں تشویش ہے‘‘۔ انہوں نے کہا کہ ’’اواخر ہفتہ پر امریکی نائب معتمد خارجہ برائے وسطی و جنوبی ایشیا نیشا دیسائی بسوال نے مالدیپ کے وزیر خارجہ سے بات چیت کرتے ہوئے اس گرفتاری اور حالیہ ہفتوں کے دوران پیش آئے واقعات پر تشویش کا اظہار کی تھیں‘‘۔ 47 سالہ محمد نشید کو انسداد دہشت گردی قوانین کے تحت اتوار کو گرفتار کیا گیا تھا جنہوں نے 2012ء میں بحیثیت صدر ایک سینئر جج کی گرفتاری کا حکم دیا تھا جس کے نتیجہ میں مالدیپ میں تشدد پھوٹ پڑا تھا۔