قائدین و کارکنوں سے مبارکبادی ، سالگرہ پر پارٹی کو ترجیح
حیدرآباد۔ 2 ۔ مارچ (سیاست نیوز) ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی کی 63 ویں سالگرہ کے موقع پر کھمم اور ورنگل میں مختلف تقاریب کا اہتمام کیا گیا۔ ڈپٹی چیف منسٹر انتخابی مہم کے سلسلہ میں آج کھمم میں تھے ، جہاں پارٹی قائدین اور کارکنوں نے مختلف مقامات پر سالگرہ تقریب منعقد کرتے ہوئے کیک کاٹا۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے بعض تقاریب میں شرکت کرتے ہوئے کیک کاٹا اور کارکنوں اور قائدین کی مبارکباد قبول کی ۔ ورنگل پہنچنے پر بھی ڈپٹی چیف منسٹر کو قائدین اور کارکنوں کی جانب سے سالگرہ کی مبارکباد پیش کی گئی ۔ محمد محمود علی نے ورنگل میں بھی پارٹی کارکنوں کی جانب سے اہتمام کی گئی تقاریب میں حصہ لیا۔ عام طور پر اہم قائدین اپنی سالگرہ قیامگاہ پر مناتے ہیں لیکن ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی نے سالگرہ تقریب پر پارٹی کو ترجیح دی اور بلدی انتخابی مہم کے سلسلہ میں کھمم اور ورنگل کے دورہ پر مصروف رہے۔ حیدرآباد میں ان کی قیامگاہ پر مختلف قائدین اور کارکنوں نے پہنچ کر ان کے فرزند محمد اعظم علی کو مبارکباد پیش کی۔ قیامگاہ پر بھی سالگرہ تقریب منعقد کی گئی۔ بتایا جاتا ہے کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کے علاوہ مختلف وزراء اور قائدین نے ڈپٹی چیف منسٹر کو سالگرہ کی مبارکباد پیش کی۔ حیدرآباد سے روانہ ہونے والے قائدین ارشد علی خاں ، محمد منیر اور محمد عارف جو ڈپٹی چیف منسٹر کے ساتھ دورہ میں شریک ہیں، محمود علی کو سالگرہ کی مبارکباد دی اور کیک کاٹا۔ اس موقع پر ڈپٹی چیف منسٹر نے عوامی خدمت کا سلسلہ جاری رکھنے کا عہد کیا۔