پرچہ نامزدگی کی تنقیح مکمل ، کل باقاعدہ اعلان ہوگا
حیدرآباد۔/4اکٹوبر، ( سیاست نیوز) قانون ساز کونسل کی واحد نشست کیلئے پرچہ نامزدگی کی جانچ کا کام آج مکمل ہوگیا۔ ریٹرننگ آفیسر راجہ سدارام نے بتایا کہ ٹی آر ایس امیدوار محمد فرید الدین کا پرچہ نامزدگی درست پایا گیا ہے اور ایک ہی امیدوار نے پرچہ نامزدگی داخل کیا۔ نامزدگی واپس لینے کی آخری تاریخ 6 اکٹوبر ہے اور اسی دن محمد فرید الدین کے متفقہ انتخاب کا سرکاری طور پر اعلان کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ وزیر عمارات و شوارع ٹی ناگیشور راؤ کے اسمبلی کے انتخاب کے بعد کونسل کی نشست سے استعفی کے سبب اس نشست پر ضمنی انتخاب ہورہا ہے۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے 3 ماہ قبل ہی محمد فرید الدین کے نام کا اعلان کردیا تھا اور اپنے وعدہ کے مطابق انہوں نے بی فارم بھی حوالے کیا۔ فرید الدین کی امیدواری میں ضلع میدک سے تعلق رکھنے والے وزیر آبپاشی ٹی ہریش راؤ نے بھی اہم رول ادا کیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ مختلف گوشوں سے محمد فرید الدین کی امیدواری کو روکنے کی کوشش کی گئی جن میں پارٹی کے اندرونی اور بیرونی عناصر بھی شامل ہیں تاہم چیف منسٹر نے اپنے فیصلہ میں کوئی تبدیلی نہیں کی۔ فرید الدین کے پرچہ نامزدگی کے ادخال کے ساتھ ہی میدک کے پارٹی حلقوں میں کافی جوش و خروش دیکھا جارہا ہے۔ اس کے علاوہ پارٹی سے تعلق رکھنے والے اقلیتی قائدین میں نئی امید پیدا ہوئی ہے اور وہ فرید الدین کو بہت جلد وزیر اقلیتی بہبود کی حیثیت سے دیکھنا چاہتے ہیں۔ ریاست کے 10اضلاع سے تعلق رکھنے والے اقلیتی قائدین کی جانب سے اس سلسلہ میں چیف منسٹر سے نمائندگی بھی کی گئی۔ فرید الدین کانگریس دور حکومت میں امداد باہمی اور اقلیتی بہبود کے اہم قلمدان سنبھال چکے ہیں اور ان کے تجربہ کو دیکھتے ہوئے بتایا جاتا ہے کہ چیف منسٹر نے اہم ذمہ داری دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس طرح پارٹی کے اقلیتی حلقوں میں بھی اندرونی سیاست گرم ہوچکی ہے۔ اسی دوران ٹی آر ایس کے اقلیتی قائدین زین العابدین عابد، خالد شریف، محمد جاوید احمد، علی اکبر اور ایم ایم بیگ نے محمد فرید الدین سے ملاقات کی اور کونسل کیلئے امیدواری پر مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ تلنگانہ میں اقلیتوں کی ہمہ جہتی ترقی کیلئے محمد فرید الدین کی خدمات حاصل کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ فرید الدین سابق میں اقلیتوں کی بھلائی کیلئے کئی اسکیمات کے آغاز کا ریکارڈ رکھتے ہیں۔ محمد فرید الدین نے آج پرچہ نامزدگی کی جانچ کے بعد کیمپ آفس پہنچ کر چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ سے ملاقات کی۔