محمد فاروق حسین کی کل رکن تلنگانہ کونسل کی حیثیت سے حلف برداری

حیدرآباد ۔ 3 ۔ جون : ( سیاست نیوز ) : ٹی آر ایس کے رکن قانون ساز کونسل محمد فاروق حسین 5 جون کو دوپہر 12 بجے دوسری میعاد کے لیے کونسل کی رکنیت کا حلف لیں گے ۔ صدر نشین کونسل انہیں حلف دلائیں گے ۔ یوتھ کانگریس سے سیاسی کیرئیر کا آغاز کرنے والے محمد فاروق حسین 1980 میں پہلی مرتبہ سدی پیٹ میونسپل کارپوریشن کے رکن منتخب ہوئے تب چیف منسٹر کے سی آر اسمبلی حلقہ سدی پیٹ کے رکن اسمبلی تھے ۔ دو مرتبہ کونسلر منتخب ہونے والے محمد فاروق حسین نے کبھی پیچھے مڑ کر نہیں دیکھا ۔ 1992 میں آندھرا پردیش کانگریس اقلیتی سیل کے صدر منتخب ہوئے ۔ 2004 میں کانگریس کے برسر اقتدار آنے کے بعد آندھرا پردیش اقلیتی مالیاتی کارپوریشن کے صدر نشین منتخب ہوئے 2011 میں پہلی مرتبہ گورنر کوٹہ کے تحت اے پی قانون ساز کونسل کیلئے منتخب ہوئے علحدہ تلنگانہ کی تشکیل اور ٹی آر ایس کو اقتدار حاصل ہونے کے بعد وہ چیف منسٹر کی خواہش پر گذشتہ سال ٹی آر ایس میں شامل ہوگئے اور چیف منسٹر نے دوسری مرتبہ گورنر کوٹہ کے تحت انہیں تلنگانہ قانون ساز کونسل کیلئے نامزد کردیا ۔ 5 جون کو فاروق حسین کونسل کی دوسری میعاد کا حلف لیں گے ۔