حیدرآباد۔ یکم اگسٹ (سیاست نیوز ) چنچل گوڑہ جیل میں گذشتہ 6یوم سے قید کانگریسی قائد جناب محمد غوث سابق کارپوریٹر سے آج جناب محمد علی شبیر قائد اپوزیشن تلنگانہ قانون ساز کونسل نے دیگر کانگریسی قائدین کے ہمراہ پہنچ کر ملاقات کی۔اس موقع پر جناب محمد علی شبیر نے قانونی امور اور مقدمہ کے متعلق تبادلۂ خیال کیا بعد ازاں انہوں نے جلد ضمانت ہو جانے کی توقع ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ چارمینار کے قریب ہنگامہ آرائی کے مقدمہ میں گرفتار شدہ محمد غوث سے انہوں کے چنچل گوڑہ جیل میں خیر سگالی ملاقات کی۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ جناب معراج محمد سابق کارپوریٹر‘ محمد فرید‘ محمد عرفان کے علاوہ دیگر کانگریسی قائدین موجود تھے۔ جناب محمد غوث نے اس ملاقات کے دوران قائد اپوزیشن تلنگانہ قانون ساز کونسل کو مقدمہ کی مکمل تفصیلات سے واقف کروایا ۔ سابق کارپوریٹر نے یہ ادعا کیا کہ انہیں ایک ایسے مقدمہ میں گرفتار کیاگیا ہے جسے شواہدکی عدم دستیابی کی بناء پر بند کیا جا چکا ہے۔ جناب محمد علی شبیر نے ملاقات کے دوران جیل کے حالات اور دستیاب سہولتوں کے متعلق تفصیلات حاصل کیں۔جناب محمد علی شبیر کی چنچل گوڑہ جیل آمد کی اطلاع کے ساتھ ہی پرانے شہر کے کانگریسی قائدین کی بڑی تعداد وہاں جمع ہو گئی تھی۔