وعدوں پر عدم عمل آوری کا الزام محض مذاق ، ٹی آر ایس ایم ایل سیز کا شدید ردعمل
حیدرآباد۔/5مارچ، ( سیاست نیوز) تلنگانہ راشٹرا سمیتی نے قانون ساز کونسل میں کانگریس کے ڈپٹی لیڈر محمد علی شبیر کی جانب سے حکومت پر کی جارہی تنقیدوں کو مضحکہ خیز قرار دیا۔ ارکان قانون ساز کونسل یادو ریڈی، کے آر اموس اور دوسروں نے آج پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ محمد علی شبیر کا یہ الزام کہ حکومت نے عوام سے کئے گئے وعدوں پر عمل آوری نہیں کی محض ایک مذاق ہے۔ کانگریس کے قائد حقائق کو جان کر بھی حکومت پر الزام تراشی کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کم مدت کے باوجود تلنگانہ حکومت نے عوام سے کئے گئے وعدوں پر عمل آوری کا آغاز کیا۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ سستی سیاسی شہرت کیلئے محمد علی شبیر روزانہ میڈیا میں دکھائی دینے کی کوشش کررہے ہیں تاکہ پارٹی ہائی کمان کو خوش کیا جاسکے۔ یادو ریڈی اور اموس نے الزام عائد کیا کہ قانون ساز کونسل میں قائد اپوزیشن کا عہدہ حاصل کرنے کیلئے محمد علی شبیر دوڑ دھوپ کررہے ہیں اور اعلیٰ کمان کی ہمدردی حاصل کرنے کیلئے حکومت پر روزانہ تنقید کرنا ان کی عادت بن چکی ہے۔ ٹی آر ایس قائدین نے کہا کہ غریبوں کی بھلائی اور ترقی کے سلسلہ میں حکومت نے اب تک کئی اسکیمات کا آغاز کیا اس کے باوجود محمد علی شبیر کا حکومت پر تنقید کرنا محض سیاسی مقصد براری کے سوا کچھ نہیں۔ ان قائدین نے غریبوں کیلئے چاول کی مقدار میں اضافہ، کلیان لکشمی، شادی مبارک، پنشن کی رقم میں اضافہ، مشن کاکتیہ اور اس طرح کی کئی اسکیمات کا حوالہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس نے طلبہ کیلئے تعلیمی فیس اور اسکالرشپ جاری نہیں کی تھی لیکن ٹی آر ایس حکومت نے گزشتہ حکومت کے بقایا جات جاری کئے ہیں۔ ان قائدین نے کہا کہ محمد علی شبیر اس فن سے واقف ہیں کہ کس طرح ہائی کمان کو خوش کرتے ہوئے ہمیشہ اقتدار میں رہیں۔ ان قائدین نے کہا کہ حکومت کی جانب سے صرف تین اسکیمات پر عمل آوری کا دعویٰ مضحکہ خیز ہے۔ ٹی آر ایس اراکین قانون ساز کونسل نے کہا کہ روزانہ حکومت پر بے بنیاد الزامات سے کانگریس قائدین عوام کے درمیان مذاق کا موضوع بن چکے ہیں۔ دراصل اقتدار کے بغیر کانگریس قائدین بوکھلاہٹ کا شکار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کانگریس کے الزامات پر اعتبار کرنے والے نہیں اور آئندہ انتخابات میں انہیں دوبارہ سبق سکھائیں گے۔