محمد علی شبیر کو زبان بندی کا مشورہ ، کارناموں کو آشکار کرنے کا انتباہ

ٹی آر ایس پر الزامات بے بنیاد ، رکن ٹی آر ایس اسٹیرنگ کمیٹی کا ردعمل
حیدرآباد۔/5مارچ، ( سیاست نیوز) ٹی آر ایس کی ریاستی اسٹیرنگ کمیٹی کے رکن اور سینئر قائد اکبر حسین نے کانگریسی قائد محمد علی شبیر کی جانب سے ٹی آر ایس حکومت پر عائد کئے گئے الزامات کو بے بنیاد قراردیا۔ انہوں نے کہا کہ اگر محمد علی شبیر حکومت کے خلاف الزام تراشی کا سلسلہ بند نہیں کریں گے تو ٹی آر ایس ان کے کارناموں کو عوام کے روبرو پیش کردے گی۔ انہوں نے کہا کہ کانگریسی قائد کو ان کے حلقہ انتخاب میں عوام نے بارہا مسترد کردیا جو خود اس بات کا ثبوت ہے کہ ان کی کارکردگی سے رائے دہندے مطمئن نہیں۔ جو شخص خود اپنے حلقہ میں عوام کا پسندیدہ نہ ہو وہ کس طرح حکومت پر تنقید کرسکتا ہے۔ اکبر حسین نے کہا کہ کانگریس دور حکومت میں کئی ایسے اسکام منظر عام پر آئے جس میں اسوقت کے وزراء ملوث رہے۔ انہوں نے اوقافی جائیدادوں کی تباہی کیلئے کانگریس حکومت کو ذمہ دار قرار دیا اور کہا کہ محمد علی شبیر کے دور میں اوقافی جائیدادوں کو خانگی اداروں کے حوالے کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس نے اقلیتوں کو جس قدر نقصان پہنچایا ملک کی تاریخ میں کوئی اور پارٹی اس کا مقابلہ نہیں کرسکتی۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس قائدین کا عنقریب اجلاس ڈپٹی چیف منسٹر جناب محمود علی کے پاس منعقد ہوگا جس میں کانگریس قائدین بشمول محمد علی شبیر کی بے قاعدگیوں کو بے نقاب کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کے مسلمان حکومت کی کارکردگی سے مطمئن ہیں لیکن عوام کے مسترد کردہ کانگریس قائدین بے بنیاد الزامات کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کانگریس قائدین کو مشورہ دیا کہ وہ تنقیدوں کی بجائے حکومت کی اقلیتوں سے متعلق اسکیمات پر عمل آوری میں تعاون کریں۔