محمد علی جناح کے پَرنواسے نیس واڈیا کی عاشق مزاجی

ممبئی /20 جون (سیاست ڈاٹ کام) بانی پاکستان محمد علی جناح کے پَرنواسے نیس واڈیا کا اداکارہ پریتی زنٹا سے تنازعہ ان کی عاشق مزاجی کا نتیجہ ہے۔ ایک تجارتی گھرانہ کے سپوت ہونے کے ناطے انھوں نے فلمی دنیا کی حسیناؤں سے قربت بڑھائی ہے۔ 2005ء سے پانچ سال تک پریتی زنٹا سے عشق کے بعد دیگر گلیمرس خواتین جیسے نرگس فاخری اور جنینے جے جی بھے سے بھی ان کا معاشقہ تھا۔ ایک ہونہار اور صنعتی گھرانے سے تعلق رکھنے والے نیس واڈیا کو اب پریتی زنٹا دست درازی کیس کا سامنا ہے۔ اداکارہ سے دوستی ختم کرنے کے باوجود آئی پی ایل ٹیم کنگس الیون پنجاب پارٹنر کی حیثیت سے برقرار رہے۔ وانکھیڑے اسٹیڈیم میں پیش آئے مبینہ واقعہ میں پریتی زنٹا اپنا بیان قلمبند کرنے والی ہیں۔ وہ اس وقت لاس انجلس میں ہیں، اس ہفتہ ممبئی واپس ہوکر پولیس میں اپنا بیان ریکارڈ کرائیں گی۔