محمد علی بیگ کے گلوبل تھیٹر کی ستائش

اردو تھیٹر کی مشہور شخصیت کی برٹش کونسل میں تہنیتی تقریب
حیدرآباد۔/4 ستمبر، ( پریس نوٹ ) برٹش کونسل کی جانب سے اردو تھیٹر کی مشہور شخصیت محمد علی بیگ کے اعزاز میں تہنیتی تقریب منعقد کی گئی۔ محمد علی بیگ اور ان کے قادر علی بیگ تھیٹر فاؤنڈیشن کی دنیا کے بڑے اور باوقار تھیٹر فیسٹول دی ایڈن برگ فیسٹول میں ایک ماہ طویل پرفارمینس کے بعد واپس ہوئے ہیں۔ جہاں انہوں نے ’’ قلی دلوں کا شہزادہ ‘‘ ڈرامہ پیش کیا اور نئے پروڈکشن ’’ 1857: ترے باز خان ‘‘ کا وہاں اور لندن میں بھی پریمئر کیا۔ انہوں نے اس موقع پر یوروپ میں ان کے پرفارمینس اور دنیا کے دیگر مقامات امریکہ ، کناڈا، فرانس، ترکی اور پاکستان میں ان کے پہلے  پرفارمینس کے بارے میں بتایا۔ اس پروگرام میں بڑا ہال سامعین کی کثیر تعداد سے بھر گیا تھا جو عالمی سطح پر ڈائرکٹر ۔ پلے رائٹ محمد علی بیگ کی کامیابی کی اسٹوری سننے کے مشتاق تھے جہاں خالص حیدرآبادی انداز کے ان کے ڈراموں کو کافی مقبولیت حاصل ہوئی ہے۔ اس موقع پر آئی ٹی سکریٹری جیش رنجن بھی موجود تھے جنہوں نے محمد علی بیگ سے چند دلچسپ سوالات کئے۔ اس موقع پر سوال جواب کا سیشن بھی ہوا جس میں سامعین نے محمد علی بیگ سے مختلف سوالات کئے جس کے انہوں نے جوابات دیئے۔ برٹش ڈپٹی ہائی کمشنر انڈریو اور رنجنا ردرا، ہیڈ برٹش کونسل حیدرآباد نے اس تقریب میں شرکت کرنے والوں کا خیرمقدم کیا۔ سامعین میں بیگم رضیہ بیگ، لکشمی دیوی راج، سابق ڈی جی محمد باسط اور ان کی شریک حیات طاہرہ باسط، رائٹر قادرالزماں، وٹیرن اداکارہ رشمی سیٹھ اور شیلجہ ریڈی، راجہ راؤ رمیش راؤ اور دوسرے شامل تھے۔