خورشید احمد کی سفارش پر صدر کل ہند کانگریس کی منظوری
حیدرآباد ۔ 2 ۔ جولائی : ( سیاست نیوز ) : آل انڈیا کانگریس کمیٹی نے مسٹر محمد خواجہ فخر الدین کو تلنگانہ پردیش کانگریس اقلیت ڈپارٹمنٹ کا صدر نامزد کیا ہے ۔ صدر آل انڈیا کانگریس اقلیت ڈپارٹمنٹ مسٹر خورشید احمد سعید کی سفارش پر صدر کانگریس مسز سونیا گاندھی نے اس کی منظوری دے دی ۔ جنرل سکریٹری آل انڈیا کانگریس کمیٹی مسٹر جناردھن دیویدی نے احکامات جاری کرتے ہوئے اس کی تصدیق کی ہے ۔ اس کے علاوہ کیرالا ، کرناٹک ، مدھیہ پردیش اور جموں و کشمیر کے پردیش کانگریس اقلیت ڈپارٹمنٹ کے صدور کا بھی اعلان کیا گیا ہے ۔ مسٹر خواجہ فخر الدین زمانہ طالب علمی سے ہی کانگریس سے وابستہ ہیں ۔ 1981 میں انہوں نے کانگریس کی طلبہ تنظیم این ایس یو آئی سے اپنے سیاسی کیرئیر کا آغاز کیا ۔ 1984 میں یوتھ کانگریس سے وابستہ ہوگئے ۔ 2004 میں ضلع میدک کانگریس اقلیت ڈپارٹمنٹ کے نائب صدر نشین منتخب ہوئے ۔ 2008 سے صدر تلنگانہ پردیش کانگریس اقلیت ڈپارٹمنٹ منتخب ہونے تک صدر کانگریس ضلع میدک اقلیت ڈپارٹمنٹ کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے ہیں ۔ 2009 اور 2014 کے انتخابات کے دوران ریاستی سطح پر تشکیل دی گئی انتخابی مہم کمیٹی کے بھی رکن رہے ہیں ۔۔