محمد تاج الدین کا بحیثیت ایڈیشنل ڈی سی پی ٹریفک حصول جائزہ

حیدرآباد۔/5نومبر، ( سیاست نیوز) ریاست کے مختلف پولیس عہدیداروں کو ترقی اور تبادلوں میں ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ آف پولیس کے رتبہ پر ترقی حاصل کرنے والے محمد تاج الدین احمد نے ٹریفک ونگ میں اپنے نئے عہدہ کا جائزہ حاصل کرلیا۔ 1989 سب انسپکٹر بیاچ سے تعلق رکھنے والے مسٹر تاج الدین نے عادل آباد کے تمام ٹاؤن پولیس اسٹیشنس میں بحیثیت سب انسپکٹر اور تانڈور اور راما گنڈم میں بحیثیت انسپکٹر خدمات انجام دی ہیں۔ ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس کے رتبہ پر ترقی حاصل کرنے کے بعد انہوں نے نیشنل انوسٹی گیشن ایجنسی ( این آئی اے ) میں عارضی طور پر شمولیت اختیار کی جس میں دلسکھ نگر جڑواں بم دھماکے اور مکہ مسجد بم دھماکے کیس کی تحقیقات میں اہم رول ادا کیا تھا۔ انہوں نے ضلع نظام آباد بودھن میں ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس کی حیثیت سے بھی خدمات انجام دینے کے بعد انہیں سنٹرل کرائم اسٹیشن ( سی سی ایس ) میں اسسٹنٹ کمشنر آف پولیس مقرر کیا گیا تھا اور بعد ازاں انہیں اسسٹنٹ کمشنر آف پولیس فلک نما ڈیویژن مقرر کئے جانے کے بعد انہوں نے غریب مسلم لڑکیوں کی معمر عرب شہریوں سے شادیوں کے ریاکٹ کو بے نقاب کرتے ہوئے کئی عمانی باشندوں اور ممبئی کے صدر قاضی کو بھی گرفتار کیا تھا۔ مسٹر محمد تاج الدین احمد کو ترقی دیئے جانے کے بعد انہوں نے آج ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر آف پولیس ٹریفک II کی حیثیت سے اپنا جائزہ حاصل کرلیا۔