محمد اظہر الدین سے علحدگی کی توثیق : فلم اسٹار سنگیتا بجلانی

سابق ہندوستانی کرکٹ کیپٹن پر فلم بھی ناپسندیدہ ،علحدگی کے باوجود رابطہ برقرار رہنے کا ادعا
حیدرآباد ۔ 4 ۔ ستمبر : ( سیاست نیوز ) : فلم اسٹار سنگیتا بجلانی نے ٹیم انڈیا کرکٹ کے سابق کپتان محمد اظہر الدین سے علحدگی اختیار کرنے کی توثیق کی ہے ۔ اظہر الدین پر فلمائی گئی فلم کو بھی ناپسندیدگی کا اظہار کیا ہے ۔ 1990 کے دوران ہندی فلموں میں جلوہ افروز ہونے والی سنگیتا بجلانی نے محمد اظہر الدین سے دوسری شادی کرنے کے بعد فلموں سے دوری اختیار کرلی تھی ۔ انہوں نے اپنے ایک انٹرویو میں اظہر الدین سے تعلقات اور فلموں میں سکنڈ اننگز پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ اظہر الدین سے علحدگی اختیار کرچکی ہیں اور اپنی زندگی میں خوش ہیں ۔ سنگیتا بجلانی نے کہا کہ علحدگی کے باوجود وہ محمد اظہر الدین سے رابطے میں ہے اور بات چیت کرتے رہتی ہیں ۔ بجلانی نے کہا کہ وہ محمد اظہر الدین کی زندگی پر بنائی گئی فلم ’ اظہر ‘ کا مشاہدہ کرچکی ہیں اس فلم نے مجھے کافی مایوس کیا ہے ۔ اس فلم میں حقائق کی پردہ پوشی کرتے ہوئے ڈرامائی مناظر کو اہمیت دی گئی ۔ ان کی ( سنگیتا بجلانی ) اور محمد اظہر الدین کی پہلی ملاقات کو بھی فلم میں جس طرح فلمایا گیا ہے وہ جھوٹ پر مبنی ہے ۔ مجھے فلم پسند نہیں آئی ۔ فلم میں حقائق پیش کی جاتی تو بہتر تھا اظہر پر فلم اس طرح فلم کیوں بنائی گئی سمجھ سے باہر ہے ۔ فلم دیکھنے کے بعد عوام کو اظہر الدین کی جانب سے کئے گئے میچ فکسنگ کا واقعہ یاد آتا ہے ۔ فلموں میں سیکنڈ اننگز کے بارے میں پوچھے گئے سوالات کا جواب دیتے ہوئے سنگیتا بجلانی نے کہا کہ انہیں فلموں کے کئی آفر آئے تاہم انہوں نے اس کو قبول نہیں کیا ۔ وہ فی الحال ایک فلم کی اسکرپٹ کا مطالعہ کررہی ہیں اگر پسند آتی ہے تو فلموں میں سیکنڈ اننگز کا آغاز کریں گی ۔۔