بی سی سی کانپور میں سابق کپتان کو تہنیت پیش کرے گا
نئی دہلی 17 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان محمد اظہرالدین کو بی سی سی آئی نے نیوزی لینڈ کے خلاف کانپور میں کھیلے جانے والے ہندوستانی ٹیم کے پہلے ٹسٹ کے لئے مدعو کیا ہے چونکہ یہ ٹسٹ مقابلہ ہندوستانی ٹیم کا بین الاقوامی سطح پر 500 واں ٹسٹ ہوگا۔ بی سی سی آئی نے اس تاریخی ٹسٹ مقابلے کے لئے ٹیم کے کئی سابق کپتانوں اور کھلاڑیوں کو مدعو کرنے کا سلسلہ شروع کیا ہے اور اس میں محمد اظہرالدین کو بھی مدعو کیا ہے جسے سابق کپتان نے قبول بھی کرلیا ہے۔ اظہرالدین جنھیں 2000 ء میں میچ فکسنگ اسکینڈل میں خاطی قرار دینے کے بعد بی سی سی آئی نے اِن پر تاحیات پابندی عائد کردی تھی لیکن عدالت نے انھیں اِس معاملہ میں برأت دی ہے۔
میڈیا نمائندوں نے جب بی سی سی آئی کی جانب سے ہندوستانی ٹیم کے 500 ویں ٹسٹ کے تاریخی موقع پر اظہرالدین کو مدعو کئے جانے کے متعلق استفسار کیا تو بی سی سی آئی کے عہدیدار راجیو شکلا نے کہاکہ مجھے اس میں کوئی غلطی نہیں دکھائی دیتی ہے کیوں کہ وہ بھی ہندوستانی ٹیم کے سابق کپتان ہیں۔ شکلا نے مزید کہاکہ دریں اثناء سابق کپتانوں میں سچن تنڈولکر، دلپ وینگسرکر اور کرشنما چاری سری کانت نے بھی بی سی سی آئی کی دعوت کو قبول کرلیا ہے اور وہ گرین پارک میں نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلے جانے والے سیریز کے پہلے ٹسٹ کے موقع پر موجود میں ہوں گے۔ سابق کھلاڑیوں کو اس موقع پر تہنیت بھی پیش کی جائے گی۔ شکلا نے مزید کہا ہے کہ جہاں سچن تنڈولکر، سری کانت، وینگسرکر اور اظہرالدین نے بورڈ کی دعوت کو قبول کرلیا ہے وہیں اجیت واڈیکر نے عہدیداروں کو مطلع کردیا کہ اِن کی طبیعت ٹھیک نہیں ہے لہذا وہ اس تقریب میں شرکت نہیں کرپائیں گے۔ میڈیا نمائندوں سے اظہار خیال کرتے ہوئے شکلا نے کہاکہ ہند ۔ نیوزی لینڈ تاریخی 500 ویں ٹسٹ مقابلے کے لئے خصوصی طور پر چاندی کا ایک سکہ ٹاس کے لئے تیار کیا گیا ہے جس پر 500 کا ہندسہ بھی کندہ ہوگا۔