محمد اخلاق کے ورثا سے انصاف کا اکھیلیش کا مطالبہ

لکھنؤ ۔ یکم ؍ جون (سیاست ڈاٹ کام) اترپردیش کے چیف منسٹر یو پی اکھیلیش نے اس فارنسک رپورٹ کی صداقت پر سوال اٹھایا جس میں کہا گیا ہیکہ دادری میں ہجوم کے ہاتھوں زدوکوب کے نتیجہ میں ہلاک ہونے والے محمد اخلاق کے گھر سے دستیاب گوشت گائے یا اس کے بچھرے کا تھا۔ اس دوران بی جے پی کے ایک لیڈر یوگی آدتیہ ناتھ نے اخلاق کے خاندان کے خلاف گاؤکشی کا مقدمہ درج کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ اکھیلیش یادو نے ضلع امبیڈکر نگر میں اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ’’(گوشت کے) نمونے کہاں بھیجئے گئے تھے۔ کس نے وصول کیا تھا۔ اس گھر میں کوئی چیز قابل اعتراض نہیں تھی۔ ہر کسی کی نظر اس مقدمہ پر ہے۔ ہر کوئی چاہتا ہے کہ مہلوک کے خاندان کو انصاف ملنا چاہئے کیونکہ یہ قتل کا معاملہ ہے‘‘۔ اکھیلیش نے متھرا میں واقع ایک فارنسک لیباریٹری کی رپورٹ میں یہ دعویٰ کئے جانے پر کہ ’’مہلوک کے گھر سے دستیاب گوشت گائے یا اس کے بچھڑے کا تھا، یہ ریمارکس کئے ہیں۔