وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی آر کی ہدایت پر جی ایچ ایم سی کی عمل آوری
حیدرآباد۔28اپریل (سیاست نیوز) شہر کی سڑکوں اور محلہ جات کی صفائی کے لئے خصوصی ہدایات جاری کئے جانے کے بعد دونوں شہروں میں بلدی عہدیداروں کوسائیکلاور موٹرسائیکلپر محلہ و گلیوں کی صفائی کے امور کا جائزہ لیتے دیکھا جانے لگا ہے۔ گذشتہ دنوں ریاستی وزیر بلدی نظم و نسق مسٹر کے ٹی راما راؤ نے اپنے محکمہ کے عہدیداروں کو ہدایت جاری کی تھی کہ وہ شہر کی گلیو ں اور محلہ جات کی سڑکوں اور ان میں صفائی کے علاوہ کچہرے کی نکاسی کے عمل کا موٹر سیکل و سائیکل پر گھوم کر جائزہ لیں تاکہ عہدیداروں کی صحت اور محلہ جات کی صفائی دونوں برقرار رہ سکیں۔ مسٹر کے ٹی راما راؤ کی ان ہدایات کے بعد مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے عہدیداروں نے اس پر فوری عمل کرتے ہوئے اپنی کارکردگی کے متعلق رپورٹ بذریعہ ٹوئیٹر ریاستی وزیر بلدی نظم و نسق کو روانہ کی جس کے نتیجہ میں عہدیداروں کی ریاستی وزیر کی جانب سے ستائش کی گئی ۔ ریاستی وزیر بلدی نظم و نسق نے موٹر سائیکل پر سوار بعض عہدیدار جو ہیلمٹ کے بغیر گاڑی پر سفر کر رہے تھے انہیں ہیلمٹ کے استعمال کی تاکید کرتے ہوئے کہا کہ شہریو ںمیں شعور اجاگر کرنے اور شہریوں کی حفظان صحت کو یقینی بنانے کے علاوہ سڑکوں کا جائزہ لینے کے لئے موٹر سائیکل پر نکلنے والے عہدیداروں کو اپنی حفاظت کے متعلق بھی غور کرنا چاہئے اور ٹو وہیلر کے استعمال کے وقت ہیلمٹ کے لزوم کی پابندی کرنی چاہئے۔ جی ایچ ایم سی عہدیداروں کی جانب سے شروع کردہ اس مہم اور مسٹر کے ٹی راما راؤکے ان اقدامات کو سوشل میڈیا پر زبردست عوامی تائید حاصل ہو رہی ہے اور لوگ اپنے علاقوں کی سڑکوں کی حالت بذریعہ ٹوئیٹر مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد اور ریاستی وزیر تک پہنچا رہے ہیں جس پر بلدی عہدیداروں کی جانب سے فوری ردعمل ظاہر کرتے ہوئے مسئلہ کی یکسوئی کا تیقن دیا جا رہاہے جبکہ بعض معاملات میں خود ریاستی وزیر بلدی نظم و نسق مسٹر کے ٹی راما راؤ عہدیداروں کو سوشل میڈیا کے ذریعہ ہی ہدایات جاری کر رہے ہیں تاکہ مسئلہ کی فوری یکسوئی کو ممکن بنایا جا سکے۔جی ایچ ایم سی کے اعلی عہدیداروں کی سائیکل اور موٹر سائیکل پر محلہ جات و گلیوں کے علاوہ سڑکوں پر کی جانے والی گشت کے متعلق خود عہدیداروں کا کہنا ہے کہ اگر یہ سلسلہ جاری رہتا ہے تو ایسی صورت میں شہر کی صفائی کے علاوہ حالات کے تیز تر تبدیل ہونے کا بھرپور امکان ہے کیونکہ جب خود عہدیدار دفاتر کے بجائے شہر کی سڑکوں اور محلہ جات میں رہنے لگیں گے تو اس کے مثبت اثرات برآمد ہوں گے جن میں روزانہ کے اساس پر صفائی کے مؤثر انتظامات کے علاوہ کچہرے کی بروقت نکاسی اور دیگر امور کے متعلق راست تفصیلات عہدیداروں کے پاس موجود رہیں گی۔