محض ہاتھ ملانا کافی نہیں، دل ملنے چاہئیں : راجناتھ

سرینگر ، 28 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی اور اُن کے پاکستانی ہم منصب نواز شریف سارک سمٹ منعقدہ کٹمھمنڈو کے دوران مصافحہ کرنے کے ایک روز بعد آج وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ نے کہا کہ یہ کافی نہیں اور دل ملانے کیلئے کوششیں ہونی چاہئیں۔ ’’محض ہاتھ ملانا کافی نہیں ہے کیونکہ دل بھی ملنے چاہئیں،‘‘ راجناتھ نے یہ ریمارک کیا، جبکہ وہ یہاں سٹی ایرپورٹ سے ٹیلی فون کے ذریعہ جموں و کشمیر میں یوری، کپواڑہ اور پہلگام میں انتخابی جلسوں سے مخاطب تھے۔ وزیر داخلہ جو اسمبلی انتخابات سے قبل آج اضلاع کپواڑہ اور اننت ناگ کے مختلف علاقوں میں انتخابی جلسوں میں شرکت کرتے ہوئے خطاب کرنے والے تھے، انھوں نے یہ کام ٹیلی فون پر کرلیا کیونکہ وہ ناسازگار موسم کے سبب فضائی سفر نہیں کرسکے۔ راجناتھ نے کہا کہ اس ریاست کو دہشت گردی کے سایہ سے نکالنا ہوگا کیونکہ یہ سرحدی ریاست برسوں کے تشدد کے سبب ’’جہنم‘‘ میں تبدیل نہیں ہوجانا چاہئے۔ انھوں نے کشمیر کی سیاسی جماعتوں پر ان تمام برسوں میں ترقی نہ کرپانے اور اس ریاست کو کئی دہے پیچھے ڈھکیل دینے نیز اس طرح کے مسائل کو صرف انتخابات کے دوران عوام کے ووٹ حاصل کرنے کیلئے اٹھانے پر شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔