محرم کے دوران بہتر سہولیات کی فراہمی

پولیس کی جانب سے مختلف محکمہ جات کا اجلاس : کمشنر کا خطاب
حیدرآباد ۔ /6 ستمبر (سیاست نیوز) ماہ محرم کے آغاز سے قبل سٹی پولیس نے دیگر محکمہ جات کا رابطہ اجلاس منعقد کیا جس میں بہتر انتظامات اور سہولیات فراہم کرنے پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ کمشنر پولیس انجنی کمار کے زیرنگرانی سالارجنگ میوزیم آڈیٹوریم میں یہ اجلاس منعقد کیا گیا ۔ اس موقع پر پولیس کمشنر نے محرم کے دوران مرکزی جلوس کے راستے پر سڑکوں کی مرمت ، اسٹریٹ لائیٹس اور پینے کے پانی کے موثر انتظامات پر زور دیا ۔ انہوں نے کہا کہ لا اینڈ آرڈر کی برقراری کے علاوہ رات کے اوقات شی ٹیمس کو متعین کیا جائے گا ۔ انجنی کمار نے کہا کہ جی ایچ ایم سی کے ساتھ سڑکوں کی مرمت اور اسٹریٹ لائیٹس کی درستگی پر بھی توجہ دی جائیگی ۔ انہوں نے کہا کہ پولیس اور دیگر محکمہ جات کی مشترکہ کوششوں کے نتیجہ میں اس سال بہتر انتظامات کی توقع ہے ۔ کمشنر نے کہا کہ محرم کے دوران گنیش تہوار بھی منایا جائیگا اور عوام سے اپیل کی کہ ایک دوسرے کے مذہبی جذبات کا خیال رکھے ۔ انہوں نے کہا کہ یوم عاشورہ کے جلوس میں پولیس کی خصوصی ٹیمیں موجود رہیں گی ۔ اجلاس میں اڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن مسٹر ڈی ایس چوہان ، ایڈیشنل کمشنر کرائمس اینڈ ایس آئی ٹی شریمتی سواتی لکرا زونل کمشنر جی ایچ ایم سی مسٹر روی کمار کے علاوہ شیعہ برادری کی اہم شخصیتوں نے شرکت کی ۔