اسلام آباد۔22 اکٹوبر ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان نے کہا ہے کہ محرم الحرام آنے کے باوجود ہم اسلام آباد سے نہیں جائیں گے جب کہ محرم کے بعد حکومت ہمارا دباؤ برداشت نہیں کر سکے گی، غیرواجبی شرحوں کے خلاف تمام اضلاع میں احتجاج ہو گا، پٹرول کی قیمتیں مزید کم کرائیں گے، انصاف ملنے تک اسلام آباد سے دھرنا ختم نہیں ہو گا۔ کل یہاں ڈی چوک پر دھرنے کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے سابق کرکٹ کپتان نے حکومت کو پھر تنقیدوں کا نشانہ بنایا۔ انھوں نے 2013 کے انتخابات کو دھاندلی زدہ قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ غیر شفاف انتخابات سے منتخب ہونے والی حکومت درست نہیں، انصاف ملنے تک وہ اسلام آباد سے دھرنا ختم نہیں کریں گے۔ عمران خان نے حکومت کی جانب سے بجلی کی قیمتوں میں اضافہ واپس لینے پر کارکنوں کو مبارکباد دی۔ انھوں نے مطالبہ کیا کہ پٹرول کی قیمت میں 15 روپے فی لیٹر کمی کی جائے۔ عمران خان نے حکومت پر الزام عائد کیا کہ وہ بجلی چوری اور کرپشن پر قابو نہیں پاسکی۔ انھوں نے غلط شرحوں کیخلاف تمام اضلاع کے پریس کلبز کے سامنے بہر صورت احتجاج کا بھی اعلان کیا۔ عمران خان نے کہا ،’’نوازشریف کے استعفے کے بغیر کنٹینر سے نہیں نکلوں گا، محرم آنے کے باوجود یہاں سے نہیں جائیں گے، محرم کیلئے زبردست پلان بنا لیا ہے اور محرم کے بعد حکومت ہمارا دباؤ برداشت نہیں کر سکے گی‘‘۔