مختلف محکمہ جات کے عہدیداروں اور شیعہ تنظیموں کے نمائندوں کی شرکت کا امکان
حیدرآباد۔/6اکٹوبر، ( سیاست نیوز) ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی جمعہ کے دن مختلف محکمہ جات کے اعلیٰ عہدیداروں کا اجلاس منعقد کرتے ہوئے ماہ محرم الحرام کے انتظامات کا جائزہ لیں گے۔ سکریٹریٹ میں منعقد ہونے والے اس اجلاس میں مختلف محکمہ جات کے عہدیداروں کے علاوہ اقلیتی بہبود کے عہدیدار اور شیعہ تنظیموں کے نمائندے شریک ہوں گے۔ محمود علی نے بتایا کہ حکومت محرم کے دوران عاشور خانوں اور دیگر مذہبی مقامات میں بہتر انتظامات کرے گی اور اس سلسلہ میں عہدیداروں کو ہدایات جاری کی جائیں گی۔انہوں نے بتایا کہ جلوس گزرنے کے راستہ پر سڑک کی تعمیر اور صحت و صفائی کے انتظامات پر خصوصی توجہ رہے گی۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے کہا کہ بلاوقفہ برقی کی سربراہی اور پینے کے پانی کی مناسب سربراہی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں۔ عوامی نمائندوں کو بھی اجلاس میں شرکت کی دعوت دی جارہی ہے۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے کمشنر جی ایچ ایم سی سومیش کمار کو ہدایت دی کہ وہ شہر میں تمام قدیم عاشور خانوں کا دورہ کریں اور انکی مرمت و تزئین نو کا کام انجام دیں۔ انہوں نے خاص طور پر بادشاہی عاشور خانہ کی عمارت کے تحفظ کی ہدایت دی جس کی چھت بوسیدہ ہوچکی ہے۔ محمود علی نے سومیش کمار سے کہا کہ وہ شہر کی تمام قدیم اور خستہ عمارتوں کی نشاندہی کرکے وہاں باقاعدہ بورڈ آویزاں کردیں تاکہ عوام ان عمارتوں میں قیام سے گریز کریں۔ انہوں نے بتایا کہ بہت جلد مکہ مسجد میں عہدیداروں کے ساتھ اجلاس منعقد کیا جائیگا تاکہ مکہ مسجد اور شاہی مسجد کے مسائل کا جائزہ لیا جاسکے۔ حکومت نے دونوں مساجد کیلئے ایک کروڑ روپئے جاری کئے ہیں، اس رقم سے نہ صرف دونوں مساجد میں بنیادی سہولتوں کو بہتر بنایا جائے گا بلکہ ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ کی بھی تجویز ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں مساجد کی تزئین نو اور خاص طور پر مکہ مسجد کی چھت کی مرمت کیلئے خصوصی منصوبہ تیار کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں مساجد میں ملازمین کی تعداد میں اضافہ کی تجویز بھی حکومت کے زیر غور ہے۔